Advertisement

ترکیے کا اسرائیل سے مکمل تجارتی بائیکاٹ، فضائی و بحری روابط بھی معطل

حقان فدان نے مزید کہا کہ اسرائیلی طیارے اب ترکیے کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے، کیونکہ ان پر فضائی پابندی بھی نافذ کر دی گئی ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 months ago پر Aug 29th 2025, 6:14 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ترکیے کا اسرائیل سے مکمل تجارتی بائیکاٹ، فضائی و بحری روابط بھی معطل

ترک وزیر خارجہ حقان فدان نے اعلان کیا ہے کہ ترکیے نے اسرائیل کے ساتھ تمام تجارتی روابط ختم کر دیے ہیں۔

ترک پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بحری جہازوں پر ترکی کی بندرگاہوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ ترک بحری جہازوں کو بھی اسرائیلی بندرگاہوں کا رخ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

حقان فدان نے مزید کہا کہ اسرائیلی طیارے اب ترکیے کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے، کیونکہ ان پر فضائی پابندی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترک عوام فلسطینیوں کے درد و رنج کو محسوس کرتے ہیں اور ترکیے فلسطینی سرزمین پر قبضے یا بے دخلی کے کسی بھی منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، خواہ وہ کسی بھی ملک کی جانب سے پیش کیا گیا ہو۔

ترک وزیر خارجہ نے اس فیصلے کو غزہ میں جاری اسرائیلی نسل کشی، مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم کا ردعمل قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی غیر مشروط حمایت کے باعث اسرائیل غزہ پر قبضے کی کوشش کر رہا ہے، جو دو ریاستی حل کو سبوتاژ کرنے کی ایک واضح سازش ہے۔

Advertisement