اسٹونیا کی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، جو تقریباً 12 منٹ تک اسٹونیا کے فضائی دائرے میں موجود رہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ حالیہ دنوں پیش آیا جس پر اسٹونیا نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم، روسی وزارت دفاع نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے طیارے کسی بھی مرحلے پر اسٹونیا کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوئے۔
روسی مؤقف کے مطابق، پروازیں بحیرہ بالٹک کے نیوٹرل زون میں کی گئیں اور مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین کے مطابق تھیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں روس اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 9 اور 10 ستمبر کی درمیانی شب، روسی ڈرون طیارے پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے، جس پر پولینڈ نے سخت ردعمل دیا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسٹونیا اور پولینڈ دونوں نیٹو کے رکن ممالک ہیں، اور اس طرح کی مبینہ خلاف ورزیاں خطے کی سلامتی کے حوالے سے سوالات کو جنم دے رہی ہیں ۔