Advertisement
تجارت

خصوصی اقتصادی زونز کوسرمایہ کاری کے حوالے سے رول ماڈل بنایاجائے گا : وزیراعظم 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی اقتصادی زونز کا بالخصوص چھوٹے صوبوں میں قیام خوش آئند ہے، انہیں سرمایہ کاری کے حوالے سے رول ماڈل بنایا جائے گا۔ 

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 سال قبل پر جون 15 2022، 7:57 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
خصوصی اقتصادی زونز کوسرمایہ کاری کے حوالے سے رول ماڈل بنایاجائے گا : وزیراعظم 

تفصیلات کے مطابق رشکئی میں خصوصی اقتصادی زون کے دورے کے دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونز کو بروقت مکمل کیا جائے ، آنے والا دور پاکستان کے لئے خوشحالی لے کر آئے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ ا ن کا بطور وزیراعظم کسی بھی خصوصی اقتصادی زون کا پہلا دورہ ہے۔ 

انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت آبادی کے لحاظ سے چھوٹے صوبوں میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان زونز کےقیام سے صنعتی سرمایہ کاری، روزگار کی فراہمی ، پیداوار کی ترقی اور محاصل میں اضافہ ممکن ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیجنگ میں جوائنٹ کمیشن کے اجلاس میں 9 خصوصی اقتصادی زونز کی منظوری دی گئی لیکن بعد میں حالات بدل گئے۔

 انہوں نے کہا کہ چین میں لیبر مہنگی اور پاکستان میں نسبتاً سستی ہے ، یہاں ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوت دستیاب ہے ۔ پاکستان چینی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ چینی کمپنیوں نے مختلف منصوبوں پر بہترین کام کیا ہے ، ہمارا عزم ہے کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر مقررہ وقت پر کی جائے۔

وزیراعظم  نے چین کی دوستی کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا کہ پاکستان اور چین نے ماضی میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے ، انہیں یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز کو سرمایہ کاری کے حوالے سے رول ماڈل بنایا جائے گااور اگر کوئی رکاوٹیں اور مسائل ہیں تو انہیں مل کر دور کیاجائے گا۔

انہوں نے پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے مابین شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی کمپنیاں ایک دوسرے استفادہ کرسکتی ہیں۔

Advertisement