سکھر: سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے جس میں صالح پٹ پولنگ اسٹیشن پر کھلے عام دھاندلی کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران ضابطہ اخلاق کی کھلے عالم خلاف ورزی کرتے ہوئے سر عام دھاندلی کی جا رہی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ضلع سکھر سے دھاندلی کی فوٹیج منظر عام پر آئی ہیں جس کے مطابق صالح پٹ میں پولنگ اسٹیشن پر کھلے عام دھاندلی کی جا رہی ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں ریٹرنگ آفیسر کے ٹیبل پر ایک سے زائد ووٹر کو سر عام ٹھپے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے 14 اضلاع میں جاری ووٹنگ کے عمل کے دوران متعدد پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
کندھ کوٹ میں دو گروپوں کت درمیان تصادم ہوا جس میں مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن پر تعینات عملے کو یرغمال بنا کر اغوا کر لیا، گھوٹکی، ٹھل، پنو عاقل اور کشمور میں بھی جھگڑے رپورٹ ہوئے۔
تصادم اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن کا حکم دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چند پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کے درمیان ہونے والے تصادم پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مذکورہ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے