Advertisement
پاکستان

ضمنی الیکشن میں جس کا پلڑا بھاری ہوگا پنجاب اس کا ہوگا، شاہ محمود قریشی

پنجاب اسمبلی میں اس وقت دونوں جماعتوں کے اراکین برابر ہیں ، اب ضمنی الیکشن میں جس کا پلڑا بھاری ہوگا پنجاب اس کا ہوگا۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jul 17th 2022, 7:53 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ضمنی الیکشن میں جس کا پلڑا بھاری ہوگا پنجاب اس کا ہوگا، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نےمسلم لیگ ن کے مزید 2 سے 3 ایم پی ایز کے جلد مستعفی ہونے کا دعویٰ کردیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں جس کا پلڑا بھاری ہوگا پنجاب اس کا ہوگا۔ 

تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ایک ایم پی اے نے استعفی دے دیا ہے جبکہ مزید دو سے تین ایم پی ایز استعفے دینے والے ہیں ، اس وقت یہ بات کہنا قبل از وقت ہے کہ کون جیت رہا ہے لیکن پنجاب کی صورتحال میں تبدیلی ضرور آئی ہے اور اس وقت پنجاب اسمبلی میں دونوں جماعتوں کے اراکین برابر ہیں، اب ضمنی الیکشن میں جس کا پلڑا بھاری ہوگا پنجاب اس کا ہوگا۔ 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بارش نہ ہوئی تو اچھا ٹرن آؤٹ رہے گا، ووٹرز جلد از جلد پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ کر ووٹ کاسٹ کریں ، دو سے تین پولنگ اسٹیشنوں پر شکایات موصول ہوئی ہیں لیکن میں کسی پر بلاوجہ الزام نہیں لگاؤں گا ، ضلعی انتظامیہ غیرجانبدار ہے اور اس وقت پولنگ پُرامن طریقے سے جاری ہے۔ 

اسی طرح سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا کہ لوگ باہر نکل آئے ‘ ٹرن آؤٹ 50 فیصد ہوا تو پی ٹی آئی کو کوئی ہرا نہیں سکتا ، جتنے گرفتار کریں ، جتنا زور لگانا چاہیں لگائیں لیکن کامیابی پی ٹی آئی کی ہو گی ، کل حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ آخری دن ہو گا ،

ٹرن آؤٹ ظاہر کرتا ہے حقیقی آزادی کے لیے لوگ باہر آئے ہیں ، پولنگ انتہائی اچھے ماحول میں جاری ہے تاہم چھوٹی موٹی شکایات ہیں لیکن بظاہر ماحول خوشگوار ہے اور موسم بھی ابھی تک ساتھ دے رہا ہے ، جن لوگوں کا ووٹ ہے فوراً پولنگ پر پہنچیں اور فرض ادا کریں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف امن و امان کے ساتھ ووٹنگ چاہتی ہے ، قوم نے ووٹ سے انقلاب کا راستہ اختیار کیا ہے اسی لیے پنجاب میں عام انتخابات جیسا ماحول ہے ، ٹرن آوٹ ظاہر کرتا ہے کہ لوگ حقیقی آزادی کے لیے باہر آئے ہیں اور پنجاب اسمبلی سے استعفے بھی آنا شروع ہو گئے ہیں ، کل حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ آخری دن ہو گا۔

Advertisement
Advertisement