تجارت
تاجر برادری سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں میں دل کھول کر حصہ ڈالے : صدر مملکت
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تاجر برادری بالخصوص چھوٹے تاجروں اور صنعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں میں دل کھول کر حصہ ڈالیں اور سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کریں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے ایوان صدر میں اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز (آئی سی ایس ٹی اینڈ ایس آئی)کی اچیومنٹ ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اپنے کاروبار اور برآمدات کو کو بڑھانے سمیت ملک کی موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پانے کے لیے جدید انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ٹولز کو اپنائیں، اپنی مصنوعات کی قدر میں اضافہ کریں اور نئی منڈیوں کو تلاش کریں۔
ملک کے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں خصوصاً آئی ٹی کے شعبے میں ہمارے نوجوانوں اور خواتین کی آبادی کو بہتر بنانے سے پاکستان کو تیز رفتار ترقی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو علم پر مبنی معیشت کی ترقی پر توجہ دینی چاہیے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنے بے پناہ انسانی وسائل کو جدید ترین تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا چاہیے۔
صدر مملکت نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ اپنے کاروبار اور تجارت کی بنیاد ایمانداری، دیانتداری، ذمہ داری، معیار، اعتماد اور احترام اور صارفین کے اطمینان کی اخلاقی اقدار پر رکھیں تاکہ مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کو مستقل طور پر مستحکم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کا اعتماد حاصل کرنے اور ان کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے اشیاءاور خدمات کے معیار کو برقرار رکھ کر مستحکم بنیادوں پر نئی منڈیوں کا حصول ممکن ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے چیمبرز آف کامرس پر زور دیا کہ وہ اپنے اراکین کی ملک اور بیرون ملک اپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائشوں کے انعقاد کے لیے حوصلہ افزائی کریں ، اس کے ساتھ ساتھ آن لائن مارکیٹنگ کی سہولتوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنے صارفین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کریں تاکہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دیں سکیں۔
صدر مملکت نے کرنٹ اکائونٹ خسارے کو بہتر بنانے کے لیے برآمدات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی معاشی ترقی کی رفتار میں ایک مثالی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے چیمبرز آف کامرس اور انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ معیار سمجھوتہ کے بغیر اپنی پیداوار بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مستحکم کریں، ٹیکس کلچر کو فروغ دیں اور مزید کاروبار کو اپنے دائرہ کار میں لانے کے لیے رکنیت سازی کو بڑھائیں۔
صدر نے کہا کہ فیصلہ سازوں کو ملک کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کے لیے مشاورتی عمل کے ذریعے بروقت فیصلے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ اخلاقی اقدار، ماحولیاتی، حفظان صحت اور حفاظت کے معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر مارکیٹ کریں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ تاجر برادری کی تجاویز کا جائزہ لے اور مشاورت اور بات چیت کے ذریعے کاروباری برادری کو مناسب رعایتیں فراہم کرے تاکہ کاروبار میں آسانی کو بہتر بنایا جاسکے، اس سے نہ صرف کاروبار میں بہتری آئے گی بلکہ ملک میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
انہوں نے تجارت کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تجارت ایک عظیم پیشہ ہے اور اس پر ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم سمیت اللہ کے رسولوں نے یہ پیشہ اختیار کیا ہے، اسلام دنیا کے بیشتر حصوں میں مسلمان تاجروں کے منصفانہ، دیانتدارانہ اور سچے طرز عمل سے پھیلا ہے۔
صدر مملکت نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ خواتین کو محفوظ اور ہراساں کرنے سے پاک کام کا ماحول فراہم کرکے اور انہیں کام کی جگہ پر سہولتیں فراہم کرکے کاروبار اور صنعت میں ان کی شرکت میں اضافہ کریں ۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو سماجی و اقتصادی سرگرمیوں سے روکنے کی کوئی مذہبی بنیاد نہیں ہے بلکہ یہ ہماری ثقافت اور معاشرے میں سرایت شدہ ثقافتی اور انسانی تعصبات پر مبنی ہے ، ایسے عقائد کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے کیونکہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ایک کاروباری خاتون تھیں جو کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھیں اور اپنے کاروباری اداروں کو فعال طریقے سے چلاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے خلاف ثقافتی اور ساختی رکاوٹوں کو لوگوں کو تعلیم دے کر دور کیا جانا چاہیے اور کاروبار، تجارت، سرمایہ کاری اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں مثبت قدم اٹھانا چاہیے۔
قبل ازیں اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے نمائندوں نے صدر مملکت کی مسلسل سرپرستی اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو ایوارڈز دینے کا مقصد ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں خدمت کے جذبے سے سرشار کاروباری شخصیات کو تسلیم کرنا اور انہیں اعزاز دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کاروباری نوجوانوں کو رہنمائی اور مشاورت فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں تربیت فراہم کررہا ہے، اس کے علاوہ ابھرتے ہوئے سٹارٹ اپس کے ساتھ تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ صدر مملکت نے تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔
علاقائی
سموگ کے تدارک کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے اتوار کے روز تمام مارکیٹس بند رکھنے کا حکم جاری کر دیا
لاہور ہائی کورٹ نے سموگ کے تدارک کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے کا حکم دے دیا،اسموگ کے پیش نظر تمام مارکیٹس رات آٹھ بجے بند کرنے اور اتوار کے روز تمام مارکیٹس بند رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ ہر سماعت پر اسموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کا کہتے رہے ہیں، ایسا حکم نہیں دینا چاہتے جس پر عملدرآمد ممکن نہ ہو، جسٹس شاہد کریم کے روبرو سموگ کے تدراک کے حوالے سے مختلف محکموں نے کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔
عدالت نے کہا کہ گاڑیوں کے موٹروے اور رنگ روڈ پرداخلے پرپابندی عائد کی جائے، ٹرک اور ٹریلرکی شہر میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔
عدالت نے کہا کہ ٹرک اورٹریلرسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں، پولیس اہلکار ہیوی ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے تعینات کئے جائیں، ہر سماعت پر حکومت کو سموگ کنٹرول کیلئے اقدامات کا کہتے رہے۔
عدالت نے کہا کہ اصل آلودگی کا باعث ہیوی ٹریفک کا دھوآں چھوڑنا ہے ،بسوں کو50،50ہزارجرمانہ کریں تو کیسےٹھیک نہیں ہونگے، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی سڑک پر گاڑی کیسے جاسکتی ہیں۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا ہے کہ ہم حکومت کی مدد کیلئے یہ اقدامات کر رہے ہیں، حکومت شاید عدالتی احکامات کو اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہی، ڈی سی وغیرہ پر حکومت کا دباؤ ہو تو کام کریں گے، سموگ کی صورتحال کا انتظامیہ کو رات کو جائزہ لینا چاہیے، ڈی سی لاہور اور کمشنر کو رات کو نکل کر دیکھنا چاہیے کیا ہو رہا ہے۔
پاکستان
توہین عدالت کیس:عدالت کا عمران خان سے منگل کو باہل خانہ، وکلا کی ملاقات کرانے کا حکم
بانی پی ٹی آئی کے تین کوآرڈینیٹرز ہوں گےاور چیف کوآرڈینیٹر جو نام دے گا اسی کو ملانا ہوگا، اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے اہل خانہ و وکلاء کی ملاقات کرانے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نا کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چوہدری، ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبد الغفور انجم عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دلائل میں فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز میٹنگ کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کرائی گئی، مجھے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ بلاک تھی جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں، اسد قیصر اور شبلی فراز ان کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے اس توہین عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایا ہے، میں نے اپنے جواب میں واضع کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق تین کوآرڈینیٹرز ہیں، ہمیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ چھ لوگ ملنا چاہتے ہیں۔
فیصل فرید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ انتظار پنجوتھہ کوآرڈینیٹر تھے جو لاپتا ہوئے تھے، ہم نے لسٹ دی تھی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی اور یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ہے، آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟ یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیں کل کیوں ملاقات نہیں کرا سکتے؟ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ ان کی ملاقات منگل اور جمعرات کے دن طے ہے، ان دنوں کے علاوہ ہمیں ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی کے انتظامات کرنے ہوتے ہیں، ہم تو ہمیشہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہیں اور فیصل چوہدری صاحب تو روزانہ 8 گھنٹے ملتے ہیں یہ پھر بھی شکایت کر رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ 13 ستمبر کو اس عدالت نے آرڈر کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے تین کوآرڈینیٹرز ہوں گے، اس عدالتی حکم میں یہ کہا گیا تھا کہ چیف کوآرڈینیٹر جو نام دے گا اسی کو ملانا ہوگا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کون کرے گا؟ جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر کا تنازعہ سامنے آیا ہے، عمران خان فیملی فرینڈز وکلا جن سے وہ ملنا چاہتے ہیں وہی لسٹ عدالت میں جمع کرائیں گے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی سے لسٹ لیکر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے، امید ہے اس سے جیل حکام اور عمران خان وکلا کے درمیان تنازعہ ختم ہوگا، میں کمیشن تشکیل دوں گا وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملے گے۔
عدالت نے عمران خان سے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکریٹری سلمان اکرم راجہ کو بھی بھیجنے کی ہدایت کر دی۔
دنیا
اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملوں اور بمباری سے مزید 40 افراد شہید
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ’وادی بیکا اور بعلبیک پر اسرائیلی حملوں میں 40 افراد شہید ہو گئے
اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملے جاری ہیں، ملک کے مشرقی حصے وادی بیکا اور بعلبیک پر بمباری سے 40 افراد شہید جبکہ 53 زخمی ہو گئے۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ’وادی بیکا اور بعلبیک پر اسرائیلی حملوں میں 40 افراد شہید ہو گئے۔
مزید کہنا تھا کہ 11 افراد بعلبیک میں شہید ہوئے، جبکہ 9 افراد ضلع شکان میں شہید ہوئے، اس کے علاوہ صہیونی فوج کے نصریہ گاؤں میں حملے میں 16 افراد نے جام شہادت نوش کیا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ لاپتا افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یہ حملے حزب اللہ کے نئے سربراہ نعیم قاسم کے اس بیان کے فوری بعد کیے گئے کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ سیاسی اقدام سے اسرائیل کی جارحیت ختم ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ بالواسطہ بات چیت کا راستہ ہو سکتا ہے تاہم اسرائیل کو لبنان پر بمباری بند کرنی ہوگی۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں لبنان میں اب تک کم از کم 3 ہزار 50 افراد شہید اور 13 ہزار 658 زخمی ہو چکے ہیں۔
-
تجارت 25 منٹ پہلے
سونے کی قیمتوں میں آج پھر نمایاں اضافہ
-
تجارت ایک دن پہلے
نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں کمی کر دی گئی
-
تجارت ایک دن پہلے
سونے کی فی تولہ قیمت میں سینکڑوں روپے کمی
-
پاکستان 2 دن پہلے
وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی
-
علاقائی 5 گھنٹے پہلے
دھند اور سموگ کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ اور ایم 3 جڑانوالہ تک بند
-
علاقائی 2 دن پہلے
اسموگ: پنجاب حکومت کا پرائمری سے ہائیر سیکنڈری تک اسکولز بندکرنے کا فیصلہ
-
پاکستان 2 دن پہلے
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
-
تجارت 2 دن پہلے
پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں براہ راست 48 فیصداضافہ