پاکستان
آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے ملک میں بے انتہا پوٹیشنل موجود ہے: وزیرِ اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے ملک میں بے انتہا پوٹیشنل موجود ہے، حکومت آئی ٹی سیکٹر کے ماہرین خصوصاً فری لانسرز کو منظم کرنے کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے اجلاس ہوا، اس اجلاس میں آئی ٹی ایکسپرٹ مسعود جبار، چئیرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)عامر عظیم باجوہ نے شرکت کی۔ چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی عامر ہاشمی، سی این آئی ٹی بی سید شبہات علی شاہ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے مختلف قلیل، وسط اور طویل المدت اقدامات پر غور کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت آئی ٹی کے شعبے میں پانچ ارب ڈالر زرمبادلہ کمانے کا پوٹیشنل موجود ہے، سیکٹر منظم نہ ہونے اور سہولیات کے فقدان کی وجہ سے حاصل ہونے والا زرمبادلہ استعداد سے بہت کم ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کے پوٹیشنل کو بروئے کار لانے کے حوالے سے آئی ٹی سیکٹر کلیدی اہمیت کا حامل ہے،آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے ملک میں بے انتہا پوٹیشنل موجود ہے، کوویڈ کے دوران گھر سے بیٹھ کر کام کرنے کے حوالے سے آئی ٹی تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کے ماہرین خصوصاً فری لانسرز کو منظم کرنے کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، ایس ٹی زونز کا قیام آئی ٹی سیکٹر کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا، آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی قلیل، وسط اور طویل المدت حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے۔
علاقائی
بلوچستان :حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز اور پی بی 21 حب میں دوبارہ گنتی کا حکم
درخواست کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی
پاکستان سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کوئٹہ کے حلقے پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پراور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 حب میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔
جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر علی مدد جتک کی ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔
جسٹس عقیل عباسی نے وکیل شہزاد شوکت سے کہا کہ کیس میں الزام فارم 45 اور 47 میں تضاد کا ہے، دونوں فارمز کا فرق بھی دیکھ لیں، ریکارڈ سے تضاد واضح ہے، حیران کن طور پر فارم 45 سے متعلق الزامات دونوں اطراف سے آئے ہیں۔
جس پر وکیل نے کہا کہ مخالف فریق کی طرف سے صرف 4 فارم 45 کی نقول لگائی گئی ہیں۔ جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ ایک بھی نقل سامنے آجائے تو کافی ہے۔ جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ وکیل صاحب سنگین الزامات ہیں کہ ایک رات پہلے بیلٹ پیپر غائب کر دیئے گئے، وکیل نے کہا کہ فیصلے میں جج صاحب جو کہہ رہے ہیں اس کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔
جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایک حلقے میں تو کچھ شفافیت آنے دیں، کیا آپ نہیں چاہتے کہ کم از کم ایک حلقے میں ہی شفافیت آ جائے۔
جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں آپ کی دستاویزات کی بنیاد پر انتخابات کو جائز قرار دے دیا جائے۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر علی مدد جتک کی ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا اور بلوچستان کے حلقے پی بی 45 کے 15 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔
علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں بلوچستان کی صوبائی نشست پی بی 21 حب میں دوبارہ گنتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے پیپلز پارٹی کے علی حسن زہری کی اپیل منظور کرتے ہوئے دوبارہ گنتی سے متعلق معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کی درخواست کو ازسر نو سن کر فیصلہ کرے۔
ٹیکنالوجی
سپیس ایکس کا طاقتور ترین راکٹ خلا میں روانہ ،لانچنگ کےموقع پر ایلون اور ٹرمپ بھی موجود
اس سے قبل سٹار شپ کی 5 آزمائشی پروازیں ہو چکی ہیں
سپیس ایکس کا طاقتور ترین راکٹ ٹیکساس سے خلا میں روانہ ہو گیا، لانچنگ کےموقع پر ایلون مسک اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے۔ اس سے قبل سٹار شپ کی 5 آزمائشی پروازیں ہو چکی ہیں، 5 ویں پرواز میں راکٹ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی "سپیس ایکس" نے سٹار شپ نامی اس راکٹ میں تکنیکی خرابیوں کو دور کیا جو گزشتہ لانچنگ میں سامنے آئیں تھی، جس کی وجہ سے سٹار شپ 5 اپنی آزمائشی پرواز کے چند منٹوں بعد ہی خلیج میکسیکو میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ سپیس ایکس نے سٹار شپ 5 کی تباہی کے بعد اس کے ڈیزائن میں مختلف تبدیلیاں بھی کیں، اور تکنیکی خرابیوں کو دور کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق یہ اب تک بنایا گیا سب سے بڑا اور طاقتور ترین راکٹ ہے جس کی آج چھٹی پرواز تھی۔سپیس ایکس کا 400 فٹ لمبا سٹار شپ میگا راکٹ جنوبی ٹیکساس میں کمپنی کے سٹاربیس سائٹ پر مدار میں لانچ ماؤنٹ سے مقامی وقت کے مطابق شام 5:00 بجے روانہ ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی راکٹ کی پرواز کا مشاہدہ کیا، امریکا کے نو منتخب صدر نے رواں ماہ کے اوائل میں ایلون مسک اور وویک راما سوامی کو ایک نئے "ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی" (ڈوگے) کی سربراہی کے لیے منتخب کیا تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ جوڑا مشاورتی حیثیت میں کام کرے گا اور ڈوگے سرکاری محکمہ نہیں ہوگا۔
کھیل
بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث چیمپئنز ٹرافی25 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان
چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع تاحال جاری ہے
پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات طے نہ پانے کے سبب چیمپئنز ٹرافی2025 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع تاحال جاری ہے، بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے تو دوسری طرف چیمپئنزٹرافی ہائی برڈ ماڈل پر تسلیم نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
پی سی بی کے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے سے پیش رفت نہیں ہورہی لہٰذا موجودہ صورتحال میں شیڈول کا اعلان اگلے 24گھنٹے میں مشکل ہے، اسٹیک ہولڈرز نے لچک دکھائی تو پھر شیڈول کا اعلان ایک دو روز میں ممکن ہوسکے گا۔
دوسری جانب اسٹیک ہولڈر شیڈول کے مطابق باہمی اتفاق کے ساتھ ایونٹ کے انعقاد کے حق میں ہیں۔ ادھر براڈ کاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز پاک بھارت میچ کے بغیر شیڈول تسلیم نہ کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، براڈ کاسٹرز نے پاک بھارت میچ نہ ہونے کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کا بھی بتا دیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جے شاہ کے ذمےداریاں سنبھالنے سے قبل شیڈول کے معاملے کوحل کرنے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ یکم دسمبر کو چیئرمین آئی سی سی کی ذمےداریاں سنبھالیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نےکہہ چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اور اگر بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔
-
پاکستان ایک دن پہلے
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے بڑا فیصلہ سنا دیا
-
پاکستان 2 دن پہلے
ملک میں حج درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع
-
دنیا 2 دن پہلے
بنگلا دیش مفرور سابق وزیراعظم کی حوالگی کے لیے بھارت سے مطالبہ کرے گا، ڈاکٹر محمد یونس
-
دنیا 2 گھنٹے پہلے
اسرائیلی وزیراعظم کی غزہ سے ایک مغوی کو لانے کے بدلے 50 لاکھ ڈالر کی پیشکش
-
تجارت ایک دن پہلے
سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ
-
کھیل ایک دن پہلے
پی سی بی نے شاہد اسلم کو کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا
-
پاکستان 19 گھنٹے پہلے
حکومت حج سستا کرنے میں متحرک ، حجاج کے لیےکرائے کی مد میں 50 ڈالر کی کمی
-
کھیل 3 گھنٹے پہلے
بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث چیمپئنز ٹرافی25 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان