Advertisement
پاکستان

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بینکنگ محتسب کوتشویشناک رجحان کاسنجیدگی سے سخت نوٹس لینے کی ہدایت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آن لائن بینک فراڈ اور جعل سازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 سال قبل پر جنوری 22 2023، 2:53 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بینکنگ محتسب کوتشویشناک رجحان کاسنجیدگی سے سخت نوٹس لینے کی ہدایت

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آن لائن بینک فراڈ اور جعل سازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے بینکنگ محتسب کو تشویشناک رجحان کا سنجیدگی سے اور سخت نوٹس لینے کی ہدایت کی ہے۔

پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق آن لائن بینکنگ فراڈ کے بڑھتے ہوئے رجحان میں نوسرباز خود کو فون پر بینک کا اہلکار ظاہر کرکے صارفین کی ذاتی بینکنگ تفصیلات حاصل کرکے شہریوں کی رقم آن لائن ذرائع سے نکلوا لیتے ہیں۔صدر مملکت نے آن لائن بینک فراڈ سے متعلق اخبارات میں خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں معروف ناول نگار اور ڈرامہ نگار مرزا اطہر بیگ کو ایک آن لائن نوسرباز نے ان کے بینک اکاو¿نٹ سے 11 لاکھ روپے سے محروم کر دیا تھا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ بینکنگ محتسب کے ذریعے صدر مملکت کی جانب سے سینکڑوں فراڈ کیسز کا فیصلہ کرنے اور آن لائن فراڈ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے باوجود فراڈ کے واقعات میں اضافہ پریشان کن ہے۔صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کو تشویشناک رجحان کا سنجیدگی سے اور سخت نوٹس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے بینکنگ محتسب کو ہنگامی بنیادوں پر مناسب چیک اینڈ بیلنس اور فول پروف سکیورٹی سسٹم لاگو کرنے کے لیے ٹھوس، بامعنی اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ تمام بینکوں کو مشترکہ طور پر تمام ذرائع ابلاغ، روایتی اور ڈیجیٹل کے ذریعے آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے،بینک صارفین کو آن لائن بینکنگ پلیٹ فارمز کے محفوظ استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے،آن لائن بینکنگ کے حوالے سےاسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات اور متعلقہ ایس او پیز کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔صدر کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے مرزا اطہر بیگ سے رابطہ کیااور بینک کی جانب سے مقررہ وقت میں ریلیف نہ ملنے کی صورت میں بینکنگ محتسب کو باضابطہ شکایت درج کرانے کا کہا۔

 

Advertisement
Advertisement