Advertisement

روحیل نذیر ڈارون سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے،ترجمان

30 جولائی سے 6 اگست تک ناردرن ٹیریٹری کرکٹ (این ٹی سی) کے زیر اہتمام منعقد ہو گی

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jul 20th 2023, 8:27 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
روحیل نذیر ڈارون سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے،ترجمان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر کو ڈارون، آسٹریلیا میں ہونے والی ہائی اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کیا ہے، جو 30 جولائی سے 6 اگست تک ناردرن ٹیریٹری کرکٹ (این ٹی سی) کے زیر اہتمام منعقد ہو گی۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق این ٹی سی سائیڈ، این ٹی اسٹرائیک، اور پاکستان شاہینز کے علاوہ، آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری کامیٹس، میلبورن سٹارز، میلبورن رینیگیڈز اور پاپوا نیو گنی (پی این جی) کی ٹیمیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ہونے والے چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی، جس میں ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی۔ٹی ٹونٹی میچوں کے بعد شاہینز بالترتیب 8 اور 9 اگست کو پی این جی اور این ٹی اسٹرائیک کے خلاف 50 اوور کے 2 میچز بھی کھیلے گی۔

ڈارون کا دورہ پی سی بی کی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے لیے تمام فارمیٹس میں مختلف آپوزیشنز کے خلاف مختلف حالات میں کرکٹ کھیلنے کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور کھلاڑیوں کے پول کو بھی بڑھایا جا سکے۔

اس سلسلے میں، پاکستان شاہینز نے حال ہی میں زمبابوے کا دورہ بھی کیا اور وہ اس وقت اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے سری لنکا میں ہیں۔ اسکواڈ 19 ستمبر سے 8 اکتوبر تک 19ویں ایشین گیمز ہانگ زو 2022 میں بھی حصہ لے گا۔روحیل نذیر 33 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں اور اس سے قبل پاکستان شاہینز کی کپتانی کر چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں زمبابوے کا دورہ کیا جہاں شاہینز نے مئی میں2چار روزہ اور چھ 50 اوورز میچز کھیلے ہیں۔

Advertisement
Advertisement