پاکستان

توشہ خانہ کیس: نواز شریف کی بیان ریکارڈ کرانے کی اپیل منظور

احتساب عدالت نےکیس کی مزید سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Nov 20th 2023, 11:29 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
توشہ خانہ کیس: نواز شریف کی بیان ریکارڈ کرانے کی اپیل منظور

اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پیر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی توشہ خانہ گاڑی ریفرنس میں اپنا دفاعی بیان ریکارڈ کرانے کی اپیل منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف، آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران آصف علی زرداری، خواجہ عبدالغنی مجید، انور مجید اور یوسف رضا گیلانی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ دفاعی بیان باقی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کو نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی جائے اور ضمنی ریفرنس دائر کرنا ہو گا اور ریفرنس نواز شریف کی عدم موجودگی میں دائر کیا گیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیب سابق وزیراعظم کا موقف ریکارڈ کرے۔

نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ درخواست پڑھنے کے لیے وقت دیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ اس میں حرج کیا ہے، نواز شریف کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے یہ بھی موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر کو بیان ریکارڈ کرنا ہے اور وہی کریں گے جس پر وکیل نے سوالنامہ طلب کیا جس کا وہ جواب دیں گے۔

پراسیکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں قریب ترین تاریخ پر کوئی اعتراض نہیں، تفتیشی افسر بیان ریکارڈ کرے‘۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی اپیل منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی۔