پاکستان

سائفر کیس پر اوپن ٹرائل ہو گا مگر جیل میں، عدالت نے فیصلہ سنا دیا

سائفر کیس کی سماعت سننے کے خواہشمند کو روکا نہیں جائے گا، صحافیوں کو بھی سائفر کیس کی سماعت سننے کی اجازت ہوگی، عدالت

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Nov 28th 2023, 12:48 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
سائفر کیس پر  اوپن ٹرائل ہو گا مگر جیل میں، عدالت نے فیصلہ سنا دیا

سائفر کیس، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت  نے  جیل ٹرائل سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی سکیورٹی رپورٹ کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کا ٹرائل جیل میں ہی ہوگا ،سائفر کیس کی سماعت سننے کے خواہشمند کو روکا نہیں جائے گا، صحافیوں کو بھی سائفر کیس کی سماعت سننے کی اجازت ہوگی۔

آفیشل سیکرٹ ایٹ عدالت نے اپن فیصلے میں کہا ہے کہ فیملی کے 5،5 ممبران کو کیس سننے کی اجازت ہو گی، اس کے علاوہ پبلک کو بھی کیس سننے کی اجازت ہو گی۔ میڈیاکو بھی کیس کوریج کی اجازت ہو گی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یکم دسمبر کو کیس اڈیالہ جیل میں سنا جائے گا، یہ پبلک ٹرائل ہو گا لیکن ٹرائل جیل میں ہی ہو گا۔

قبل ازیں سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نےفیصلہ محفوظ  کیا تھا، اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے سے معذرت کر لی گئی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کر دیاتھا۔ 

سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنیننے سائفر کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر، ایف آئی اے پراسیکوٹر شاہ خاور اور ذوالفقار عباس عدالت میں پیش ہوئے۔

جج ابو الحسنات ذولقرنین نے خط پڑھتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ہم پیش نہیں کر سکتے۔ ایف آئی اے پراسیکوٹر شاہ خاور نے جیل سپرنٹینڈنٹ کا لیٹر پڑھ کر سنایا۔  وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ کوئی بھی ملزم ہے اس کو پیش کرنا جیل انتظامیہ کی زمہ داری ہے۔ جیل سماعت کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلعدم قرار دے دیا ہے۔ وکیل سلمان صفدر نےسائفر کیس کا گزشتہ سماعت کا حکمنامہ پڑھ کر سنایا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کہتے رہے کہ ان حالات میں ٹرائل نہ کریں، ہم یہ استدعا کرتے رہے کہ پہلے ٹرائل کہاں کرنا ہے۔ اس کو طے کر لیں۔ ہم جب بھی کچھ کہتے تھے بولا جاتا تھا کہ کوئی سٹے آرڈر ہے تو بتا دیں۔ کون سا ایسا کیس ہے جو جلدی میں ختم کر دیا جائے، یہ جیسے بھی کریں ان کو آج چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کرنا ہوگا۔ 

وکیل سلمان صفدر نے مزید کہا کہ کس انٹیلیجنس ایجنسی کی بنا پر یہ کہہ رہے ہیں کہ انکی جان کو خطرہ ہے؟ جب ہم کہتے تھے کہ انکی جان کو خطرہ ہے تو کہتے تھے کہ جیسے بھی ہو پہنچیں۔ جیل سے عدالت تک کے سفر میں کوئی رکاوٹ ہے تو وہ بتا دیں۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اگر سکیورٹی تھریٹ ہیں تو اس کیس پر سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر  دی جائے۔ انہوں نے استدعا کی کہ جیل میں کیس نہیں چل سکتا تو یہاں بھی یہ چلانا نہیں چاہ رہے تو عمران خان، شاہ محمود قریشی کو ضمانت دے دی جائے۔ کیا جیل سپرٹنڈنٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ خطرہ بہت ہے؟ ان کو کیا دلچسپی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ہی رکھنا ہے۔ 

علی بخاری نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کا لیٹر ایف آئی اے پراسیکوٹر شاہ خاور نے خود پڑھا ہے۔ شاہ محمود قریشی کو کیوں ابھی تک پیش نہیں کیا گیا ؟ اب تو کوئی چارج فریم نہیں ہوا اور نہ کوئی نقل تقسیم ہوئی ہے پھر اندر کیوں رکھا ہوا ہے۔ آپکا اپنا آرڈر تھا جیل سپرنٹنڈنٹ کو کہیں میرے آرڈر پر عملدرآمد کروائیں نہیں تو نتائج بگھتیں۔

وکیل علی بخاری نے شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کردی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سوال کیا کہ ‏کیا عدالت نے ملزمان کو طلب کیا تھا؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ‏آپ نے ملزمان کو طلب کیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ‏جتنے مرضی نوٹیفکیشن لائیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عوام کو رسائی ہونی چاہیے، میڈیا کو عدالت تک رسائی ہونی چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت پیش کیا جائے گا یا نہیں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چئیرمین تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی کو عدالت پیش نا کرنے سے متعلق جیل حکام کی رپورٹ پر عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ‏اس حوالے سے آج ہی آرڈر پاس کیا جائے گا۔