Advertisement
پاکستان

بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہے،دفتر خارجہ

 ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملوں پر بھی شدید  تشویش کا اظہار کیا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Feb 2nd 2024, 12:17 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہے،دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نےکہا ہے کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہے۔

 دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج (جمعرات)اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان میں ملک سے باہر اور ماورائے عدالت قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے حوالے سے ہمارے ٹھوس شواہد کی تردید نہیں کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دوست ممالک اور دوسرے متعلقہ ملکوں کو بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونےکے شواہد سے  آگاہ کیا ہےخصوصاً ان ملکوں کو آگاہ کیا گیا جن کے  تعاون کی ہمیں زیادہ ضرورت ہے تاکہ  دہشت گردی میں ملوث افرادکا محاسبہ کیا جاسکے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت دنیا بھر کے ملکوں میں دہشت گرد حملوں ،ملک سے باہر اور ماورائے عدالت قتل میں ملوث رہا ہے۔

 ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملوں پر بھی شدید  تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے کہا بھارت میں مسجدوں کو منہدم کرنے اور ان کی جگہ مندروں کی تعمیر کی بھرپور مہم چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات آنے والے وقت میں بھارت کی جمہوریت کے منہ پر بد نما داغ کی صورت میں موجود رہیں گے۔

 ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیر کو یوم یکجہتی کشمیر منائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان  جموں و کشمیر کے تنازعے کا اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پر امن حل کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

 ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، افغانستان سے ہونے والے دہشت گردی کے خطرے کے خدشات کے بارے میں  آگاہ ہے۔

انہوں نے افغان حکام پر زور دیا کہ دہشت گرد تنظیموں کےخلاف فوری اور موثر کارروائی کرکے ان کی قیادت کو پاکستان کے حوالے کریں۔

ایران میں نو پاکستانی مزدوروں کے قتل کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ غیر انسانی عمل تھا جس کی  مذمت پاکستان اور ایران دونوں نے کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امید رکھتا ہے کہ واقعے کی تحقیقات  مکمل کئے جانے کے بعد اس کی تفصیلات سے پاکستان کو آگاہ کیا جائے گا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطینی عوام کے انسانی حقوق، وقار اور تشخص کو برقرار رکھنے کے لئے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔

 

Advertisement