علاقائی

بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف اہلیان پشاور سراپا احتجاج

لوڈشیڈنگ بند نہ ہوئی توگرڈ اسٹیشن کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیں گے، مظاہرین

GNN Web Desk
شائع شدہ 7 months ago پر May 25th 2024, 12:23 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف اہلیان پشاور سراپا احتجاج

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے مقامی الیکٹرک کمپنی کے خلاف احتجاج کیا ۔

مظاہرے کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے کی۔ مظاہرین نے رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا۔

پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے کہا کہ جب تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کی جائے گی گھیرائو ختم نہیں کیا جائے گا۔

مظاہرین نے مقامی الیکٹرک کمپنی (پیسکو) کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ بند نہ ہوئی توگرڈ اسٹیشن کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیں گے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید شدید گرمی کا عندیہ بھی دے دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پشاور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، مزید کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 27 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پشاور میں درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسمعیٰل خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، مزید بتایا کہ کوہستان، دیر، سوات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔