دنیا

چین کی اپنے ملک میں امریکی سرمایہ کاری کو محدود کرنے کی سختی سے مخالفت

ایسے اقدام سے بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام کو نقصان پہنچے گا، ترجمان چینی وزارت تجارت

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 24th 2024, 3:35 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
چین کی اپنے ملک میں امریکی  سرمایہ کاری کو محدود کرنے کی سختی سے مخالفت

چین میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو محدود کرنے کے امریکی منصوبے کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے چینی حکام نے کہا کہ ایسے اقدام سے بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام کو نقصان پہنچے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی اقدام سے چینی اور امریکی کاروباری اداروں کے درمیان معمول کے اقتصادی اور تجارتی تعاون پر اثر پڑے گا اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو مارکیٹ اکانومی کے قوانین اور منصفانہ مسابقت کے اصول کا احترام کرنا چاہیے، اقتصادی اور تجارتی مسائل پر سیاست کرنا اور اسے ہتھیار بنانا بند کرنا چاہیے،

ترجمان کے مطابق چین میں سرمایہ کاری پر پابندیاں ہٹانا چاہیئیں اور چین اور امریکا کے درمیان کاروباری تعاون کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ چینی وزارت تجارت کے ترجمان کی جانب سے یہ بیان 21 جون کو امریکی محکمہ خزانہ کے مجوزہ قاعدے کے بعد سامنے آئے ہیں جو چین میں امریکی سرمایہ کاری کو محدود کر دے گا۔