Advertisement
پاکستان

وفاقی کابینہ کی جانب سے آن لائن ویزہ درخواستوں کے نظام کے نفاذ کی منظوری

اس سلسلے میں وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ قائم کیاجائے گا تاکہ آن لائن ویزے کے نظام کی نگرانی کی جاسکے

GNN Web Desk
شائع شدہ 10 months ago پر Jul 25th 2024, 1:26 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
وفاقی کابینہ کی جانب سے  آن لائن ویزہ درخواستوں کے نظام کے نفاذ کی منظوری

وفاقی کابینہ نے آن لائن ویزہ درخواستوں کے نظام کے نفاذ کی منظوری دے دی ۔

جس کے تحت 126 ملکوں کے شہری 24 گھنٹے کے اندر کاروباری اورسیاحتی ویزے حاصل کرسکیں گے ان 125 ملکوں کے شہریوں کو ویزہ فیس سے استثنی حاصل ہوگا۔

کابینہ نے جس کا اجلاس وزیراعظم شہبازشریف کے زیر صدارت آج(بدھ) کو اسلام آباد میں ہوا ویزہ آن ارائیول  کی ایک ذیلی کیٹگری کی بھی منظوری دی جس کا مقصد تیسرے ملک کے پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کوسہولت فراہم کرنا ہے۔

اس سلسلے میں وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ قائم کیاجائے گا تاکہ آن لائن ویزے کے نظام کی نگرانی کی جاسکے۔

کابینہ نے ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی اور بینکنگ عدالتوں کے نوٹی فیکیشن کی منظوری دی یہ عدالت سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے تحت کام کریں گی۔

کابینہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان لاجسٹکس ، ٹرانسپورٹ، سرسبز اور پائیدار ترقی واٹر WASTE مینجمنٹ ، شہری علاقوں میں ماحول دوست منصوبوں کی ترقی ، قابل تجدید توانائی اور سرکاری ونجی شراکت کے تحت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پردستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے ایک قرارداد بھی منظور کی ہے جس میں اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کی گئی ہے اور جنگی جرائم کے ارتکاب پر اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز کی بلاامتیاز بمباری سے شہری آبادی، ہسپتال، سکول، اقوام متحدہ کے دفاتر اور صحافی کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے قبرستان اور ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

اجلاس میں مزیدکہا گیا کہ عالمی عدالت انصاف فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی اقدامات کو پہلے ہی غیر قانونی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے۔

اجلاس میں اس مسئلے سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے تمام بین الاقوامی فورمز پر اسلامی ممالک کی جانب سے متحدہ حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے مسئلہ فلسطین پر شنگھائی تعاون تنظیم کے موقف کو بھی سراہا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں اسرائیل کے مذموم جنگی جرائم کے خلاف کارروائی کرے۔

اجلاس میں اس تنازع کے حل کے لئے1967 سے پہلے کی سرحدوں اور دارالحکومت القدس الشریف کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام پر مبنی دو ریاستی حل کے حوالے سے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا گیا۔

Advertisement