علاقائی
اسلام آباد میں ریڈ زون کو اچانک سیل کردیا گیا
سرکاری و نجی دفاتر میں چھٹی کا وقت ہونے کے باعث راستوں کی بندش سے ملازم سخت پریشان ہیں
اسلام آباد میں ریڈ زون کو اچانک سیل کردیا گیا ہے، عوام کو پیشگی آگاہ کئے بغیر ریڈ زون جانے والے تمام گیٹ بند کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر بتائے ریڈ زون سیل کرنے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور مارگلہ روڈ پر میلوں لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام نظر آرہی ہے، ٹریفک پولیس کی جانب سے مارگلہ روڈ پر لمبی ڈائیورشنز لگادی گئی ہیں۔
سرکاری و نجی دفاتر میں چھٹی کا وقت ہونے کے باعث راستوں کی بندش سے ملازم سخت پریشان ہیں۔
پاکستان
آرمی چیف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی وفد کے ہمراہ ملاقات
ملاقات میں مختلف شعبوں میں برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت بھی کی گئی
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جب کہ اس دوران مختلف شعبوں میں برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت بھی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کےلیے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ اداکیا۔
آرمی چیف نے وفد کو پاکستان کی مکمل حمایت اور عزم کی مزید یقین دہانی کرائی اور دونوں ممالک کو حاصل ہونے والے امید افزا نتائج کے بارے میں امید ظاہر کی۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک، سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں۔
تجارت
معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں، محمد اورنگزیب
معاشی اصلاحات کی بہتری کے لیے مزید کام کر رہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں اور ہم معاشی اصلاحات کی بہتری کے لیے مزید کام کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں اور نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی معیشت مستحکم کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ملکی معیشت میں استحکام آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آ رہی ہے جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے جبکہ مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے جو اس وقت 6.9 ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی جس سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں بلندی کا ریکارڈ بنا رہی ہے، کرنٹ خسارہ کم ہوا ہے اور کرنسی مستحکم ہوئی ہے، فارن انویسٹرز کی ادائیگیاں وقت پر کی گئی ہیں جبکہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے 14 مہینے میں ہم میکرو اکنامک پر کام کر رہے تھے اور آج ہمارے میکرو اکنامک انڈیکٹر بہتر ہوئے ہیں، ہم نے اس میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں اور ہم سعودی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، سعودی ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کا 2030 کا وژن قابل تحسین ہے اور پاکستان تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر تجارت نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم 5.12 ارب ڈالر ہے لیکن پاکستان کی برآمدات سعودی عرب کی مجموعی تجارت کا صرف 2 فیصد ہیں جبکہ سعودی عرب سے پاکستان کی درآمدات 4.5 ارب ڈالر پر مشتمل ہیں، سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔
وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے متعدد مواقع موجود ہیں جبکہ سعودی عرب میں پیٹرولیم کے خام مال کے بے شمار وسائل موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو بزنس ماڈلز متعارف کرانے کی ضرورت ہے جبکہ ایس آئی ایف سی سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
کھیل
ملک کے کشیدہ حالات پر خاموشی، بنگلا دیشی کرکٹر شکیب الحسن نے قوم سے معافی مانگ لی
شکیب الحسن نے طلبا کے احتجاج کے دوران قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا
ملک کے کشیدہ حالات پر خاموش بنگلا دیشی کرکٹر شکیب الحسن نے قوم سے معافی مانگ لی۔
بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا پیغام شیئر کرتے ہوئے طلبا کے احتجاج کے دوران قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک میں کئی مہنیوں سے جاری سیاسی اور کشیدہ حالات پر خاموشی اپنانے پر قومی سے معافی بھی مانگی۔
شکیب الحسن نے لکھا کہ سب سے پہلے، میں ان تمام طلباء کو خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں، امتیازی سلوک کے خلاف تحریک کی قیادت کی اور عوامی بغاوت کے دوران شہید یا زخمی ہوئے۔ کوئی قربانی کسی پیارے کے نقصان کی تلافی نہیں کر سکتی، کسی بچے یا بھائی کو کھونے کے خلا کو کچھ نہیں بھر سکتا۔
آپ میں سے جن کو اس نازک دور میں میری خاموشی سے تکلیف پہنچی ہے، میں آپ کے جذبات کا احترام کرتا ہوں اور اگر میں معذرت خواہ ہوں۔
سیاست میں اپنی مختصر شمولیت کے حوالے سے شکیب الحسن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماگورا سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوا جو میرا آبائی شہر تھا تاکہ ملک کی ترقی میں حصہ ڈال سکوں۔
خیال رہے کہ شیخ حسینہ واجد کے دور میں شکیب الحسن نے عوامی لیگ کے ٹکٹ پر ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے تاہم کچھ عرصے بعد طلبا احتجاج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا اور اسوقت عبوری حکومت ملک کے انتظامات چلا رہی ہے۔
-
علاقائی 2 دن پہلے
اسلام آباد میں تعلیمی اداروں میں 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان
-
تجارت ایک دن پہلے
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نیا سنگ میل ،پہلی بار 86 ہزار کی سطح عبور
-
دنیا 6 گھنٹے پہلے
تاریخ کا بدترین طوفان امریکی ریاست فلوریڈا سےٹکرا گیا
-
علاقائی 5 گھنٹے پہلے
اسلام آباد سمیت پنڈی میں 5 روز کیلئے شادی ہال،کیفے اور ریسٹورینٹس بندکرنےکاحکم
-
پاکستان ایک دن پہلے
پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر احتجاج کی کال دیدی
-
تجارت 21 گھنٹے پہلے
ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ
-
پاکستان 20 گھنٹے پہلے
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کو جیل سے رہا کردیا گیا
-
پاکستان ایک دن پہلے
خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اجلاس کے دوران اپوزیشن اور حکومتی ارکان گتھم گتھا