کھیل
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے بابر اعظم کو آرام دینے کی تجویز
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر سے شروع ہو گا
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے مڈل آرڈر بیٹر بابر اعظم کو آرام دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر سے شروع ہو گا۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان تاحال نہیں کیا ہے تاہم دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کے اسکواڈ میں متعدد تبدیلیاں متوقع ہیں، نعمان علی اور ساجد خان کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے۔
آؤٹ آف فارم بابر اعظم کو آرام دینے کی تجویز ہے، بابر اعظم کے آرام کی تجویز سلیکٹرز نے دی ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی منظوری کے بعد قومی ٹیم کا اعلان ہو گا۔
خیال رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی، انگلینڈ کو پاکستان پر ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔
پاکستان
موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں ، شہباز شریف
اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں نقصان ہوگا،وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں نقصان ہوگا، سیلاب کے باعث پاکستان میں اسکولوں،گھروں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔
آذربائیجان کے درالحکومت باکو میں کوپ 29 کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر آذربائیجان کو مباکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کا بیشر ممالک کو سامنا ہے، اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے وقت میں نقصان ہوگا، پاکستان کو 2022 میں تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جان نقصان کے ساتھ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، سیلاب کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب زیادہ متاثر ہونے والے 10ممالک میں شامل ہے، سیلاب کے باعث اسکولوں کی عمارتیں گرگئیں، سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوئے، دنیا نے موسمیاتی تباہی سے ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی امداد کے وعدے کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوپ 28 میں کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد ہونا چاہیئے، ہم نہیں چاہتے کہ دیگرممالک بھی تباہ کن سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا کریں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نیشنل کاربن مارکیٹ فریم ورک پر کام کررہے ہیں، دنیا کو پاکستان جیسے ترقی پذیرملکوں کی مدد کرنا ہوگی، پاکستان متبادل توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے فریم ورک کے مطابق خصوصی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیرممالک کو 2030 تک 6.8 ہزار ارب ڈالر کی ضرورت ہے، موسمیاتی سرمائے میں قرضوں کو ایک نیا قابل قبول معمول نہیں بننا چاہیے۔
کوپ 29 کانفرنس کے موقع پر پاکستان کی میزبانی میں کلائمیٹ فنانس گول میز مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ہم ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں جہاں کمزور ممالک کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کے لیے عالمی موسمیاتی مالیاتی فریم ورک کو از سر نو تشکیل دیا جانا چاہیے۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کی میزبانی میں گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق تقریب سے بھی خطاب کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے پاکستان سمیت اس خطے اور دنیا بھر میں تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کی حفاظت کے لیے بہت قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں شدت سے محسوس کرتا ہوں کہ گلیشیئرز کے تحفظ کے عالمی سال کے موقع پر گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے واضح اور دو ٹوک پیغام جانا چاہیے،مستقبل میں پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے گلیشیئرز کا تحفظ ضروری ہے، گلیشیئرزپینے کے پانی کابڑا ذریعہ ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں 7ہزار گلیشیئرز ہیں، پاکستان میں گلیشیئرز سے 90فیصد پانی حاصل کیاجاتا ہے، درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرزکا پگھلنا خطرناک علامات ہیں،انسانیت کی بقا گلیشیئرز کے تحفظ سے مشروط ہیں۔
واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقوام متحدہ کا سالانہ سربراہی اجلاس 2 روز قبل آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں شروع ہوا تھا ، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ترقی پذیر ملکوں کو موسمیاتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت مالیاتی اورتجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
دو ہفتے جاری رہنے والے کوپ 29 فورم میں تقریباً 200 ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہ سائمن اسٹیل نے اپنے افتتاحی خطاب میں ایک نئے عالمی موسمیاتی مالیاتی ہدف کے بارے میں بتایا تھا۔
یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی جب خبردار کیا گیا ہے کہ 2024 میں درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹونٹے کا خدشہ ہے اور غریب ملکوں کے لیے موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی مذاکرات ناگزیر ہیں۔
پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرے سے دو چار ان 10 ممالک میں ہوتا ہے، جنہیں غیر معمولی سیلابوں، مون سون کی شدید بارشوں، گرمی کی تباہ کن لہروں اور تیزی سے پگھلتے گلشیئر کا سامنا ہے۔
جون 2024 میں گرمی کی لہر کے نتیجے میں بلند درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جس نے صحت عامہ اور زراعت کو بری طرح متاثر کیا۔
پاکستان
پی آئی اے کی نجکاری کےلئے 10 ارب روپے کی بولی منسوخ کر دی گئی
پی آئی اے کی نجکاری کیلئے حکومت نے نئے پلان پرکام شروع کردیا
پی آئی اے کی نجکاری کےلئے 10 ارب روپے کی بولی منسوخ کر دی گئی، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے حکومت نے نئے پلان پرکام شروع کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کوقطر یا ابوظہبی گورنمنٹ ٹوگورنمنٹ معاہدے کےتحت فروخت کیا جارہا ہے۔پی آئی اے کوجی ٹوجی معاہدے کے تحت فروخت کرنے کی تجویز کردی۔ ذرائع کے مطابق بلیوورلڈ کنسورشیم کی بولی کینسل ہونےکےبعد نیا پلان بنا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قطریا ابوظہبی سے30نومبرتک اظہاردلچسپی کی درخواستیں طلب، قطریا ابوظہبی کو پی آئی اے میں بیشترشرائط پہلےسے طے شدہ شامل ہوسکتی ہیں۔
بلیوورلڈ کنسورشیم نےپی آئی اے کے حصص خریدنے کیلئے 10 ارب روپے کی بولی دی تھی۔ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے10ارب روپے کی بولی منسوخ کردی تھی۔
دنیا
امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کو اپنی کابینہ میں شامل کرلیا
5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ٹیم کی تشکیل میں مصروف ہیں اور انہوں نے مختلف عہدوں کے لیے افراد کا چناؤ شروع کر دیا ہے
امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکٹرک کے بانی ایلون مسک کو اپنی انتظامیہ میں اہم ذمہ داری سونپ دی۔
5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ٹیم کی تشکیل میں مصروف ہیں اور انہوں نے مختلف عہدوں کے لیے افراد کا چناؤ شروع کر دیا ہے۔
نو منتخب امریکی صدر نےرئیل اسٹیٹ ٹائیکون اسٹیووٹکوف کو مشرق وسطیٰ کیلئےخصوصی ایلچی جبکہ مغربی کنارے کے وجود سے انکاری اور حماس سے جنگ بندی کےمخالف اسرائیل نواز سابق گورنر مائیک ہکابی جان کو اسرائیل کیلئےامریکی سفیر نامزد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی خفیہ ادارےسی آئی اے کے سربراہ کے لیےجان ریٹکلیف کو نامزد کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نےاپنی صدارتی مہم میں اہم کردارادا کرنے والےدنیا کے سب سے امیر ترین شخص ایلون مسک کو بھی اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔
نو منتخب امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ ایلون مسک اور سابق ری پبلکن صدارتی امیدوار ویوک رام سوامی ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شنسی (DOGE) کی سربراہی کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نےری پبلکن کی صدارتی مہم کےدوران 119 ملین ڈالر خرچ کرنے والے ایلون مسک کوصدارتی الیکشن جیتنے پر اہم عہدہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایلون مسک اور راما سوامی حکومتی بیوروکریسی کی اجارہ داری ختم کرنے، فضول اخراجات ختم کرنے اور وفاقی ایجنسیوں کی ساخت کو دوبارہ بنانے کے لیےکام کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے نام کے باوجود DOGE حکومتی ایجنسی نہیں ہے اور یہ حکومت سے باہر رہتے ہوئےٹرمپ انتظامیہ کو مشورے اور مدد فراہم کرےگی، یعنی ایلون مسک اور بائیو ٹیک انٹرپرینئیر راما سوامی دونوں اس عہدےپر رہتے ہوئے پرائیویٹ سیکٹر کے لیے کام کر سکیں گے۔
ایلون مسک نے بھی سوشل میڈیا پر اس عہدے پر نامزدگی کی تصدیق کی اور ایک بیان میں لکھا کہ انکا محکمہ امریکی نظام اور فضول اخراجات میں ملوث حکومتی اداروں کو جھٹکے فراہم کرے گا۔
ٹیسلا کے بانی کا کہنا تھا ماضی میں وہ امریکی بجٹ میں سے 2 کھرب ڈالر کم کرنا چاہتےتھے تاہم انہیں اس حوالے سے بہت کم معلومات فراہم کی گئیں۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے الیکشن سےدو ماہ قبل ستمبر 2024 میں ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر DOGE کےعہدے کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی۔
-
ٹیکنالوجی ایک دن پہلے
واٹس ایپ گروپ ایڈمن کے لیے لائسنس لازمی قرار
-
علاقائی 2 دن پہلے
پنجاب حکومت نے فری سولر پینل پراجیکٹ کیلئے چار ارب روپے جاری دیئے
-
تجارت 2 دن پہلے
سونے کی فی تولہ قیمت میں نمایاں کمی
-
تفریح 20 گھنٹے پہلے
جنوبی کوریا کے معروف اداکار سونگ جائے رم نے خودکشی کرلی
-
کھیل ایک دن پہلے
پی سی بی کا آئی سی سی کو خط،چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے معاملے پر ڈٹ گیا
-
پاکستان 2 دن پہلے
پنجاب میں پر تشدد مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس کا آنسو گیس کے شیل خریدنے کا فیصلہ
-
تجارت ایک دن پہلے
مرغی کا گوشت مزید سستا ہو گیا
-
پاکستان ایک دن پہلے
اسموگ تدارک:پنجاب حکومت کا صوبے بھر کے اسکولز اور کالجز میں چھٹیوں کا اعلان