تجارت

یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکم نومبر سے اگلے 15 روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 months ago پر Oct 29th 2024, 10:30 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں  کمی کا امکان

عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، حکومت کی جانب سے ہر 15 روز بعد پیٹرول کی قیمت میں ردوبدل کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکم نومبر سے اگلے 15 روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، جس کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں نرخوں کا معمولی نیچے آنا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 15 دنوں کے درمیان پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتیں بالترتیب تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہیں، موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کے حساب سے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بالترتیب 3 روپے اور 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی تنزلی ہوسکتی ہے۔

عالمی منڈی میں پیٹرول کی اوسط فی بیرل قیمت 77.5 ڈالر کے مقابلے میں 76 ڈالر پر آگئی ہے، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی بیرل نرخ 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

واضح ہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے (16 تا 31 اکتوبر کے لیے) ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے اضافہ کردیا تھا جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔