جرم
ملک میں بذریعہ ٹرین کروڑوں روپے کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
ریلویز پولیس نے پنڈی اسٹیشن سے 46 کلو گرام سے زائد چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
ملک میں بذریعہ ٹرین کروڑوں روپے کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پاکستان ریلویز پولیس نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے 46 کلو گرام سے زائد چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
مختلف کارروائیوں کے دوران 2خواتین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان منشیات کی بڑی کھیپ کو راولپنڈی سے ٹرین کے ذریعے کراچی اسمگل کرنا چاہتے تھے۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 3 پر ڈیوٹی پر موجود ایس ایچ او عامر نذیر اور دیگر اہلکاروں نے ملزمان کو شک کی بنیاد پر چیک کیا۔
تلاشی کے دورانِ ملزمان عزت اللہ اور بلال کے بیگ سے 30 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ملزمان خواتین روشین اور ادیبہ کے ہینڈ بیگ سے 16 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزمان منشیات کو راولپنڈی سے کراچی اسمگل کرنا چاہتے تھے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس راولپنڈی میں مقدمات کا اندراج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پاکستان
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس، 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل
آئینی بینچ کے سربراہ کیلئے جسٹس امین الدین کا نام فائنل کر لیا گیا
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا آج پہلا اجلاس ہوا ہے، جس میں 26 ویں ترمیم کی روشنی میں آئینی بینچوں میں ججز کی نامزدگی پر غور کیا گیا اور 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن کے آج ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس امین الدین نے شرکت کی۔اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب احمد، پی ٹی آئی کے عمر ایوب اور شبلی فراز بھی شرکت کریں گے جبکہ اجلاس میں خاتون ممبر روشن خورشید بھی شریک تھے۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹریٹ کے قیام پر بات ہوئی جبکہ سپریم کورٹ میں آئینی بینچوں کی تشکیل کے لیے ججز کی نامزدگی پر بھی غور کیا گیا۔
7 رکنی آئینی بینچ تشکیل کا فیصلہ سات پانچ کے تناسب سے ہوا ہے۔ آئینی بینچ سربراہ جسٹس امین الدین ہوں گے، جسٹس امین الدین اور جسٹس عائشہ ملک پنجاب سے آئینی بینچ میں شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اخترافغان بلوچستان کے آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی سندھ سے آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔ جبکہ جسٹس مسرت ہلالی خبیرپختونخوا بینچ میں شامل ہیں۔
آئینی بینچز کی تشکیل کے بعد آئینی بینچ کا سب سے سینئر جج جوڈیشل کمیشن کا رکن بن جائے گا، اگر آئینی بینچ کا سینئر ترین جج پہلے سے کمیشن کا ممبر ہوا تو اس کے بعد کا سینئر جج رکن بن جائے گا، یوں 26 ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں جوڈیشل کمیشن 13 ارکان پر مشتمل ہو جائے گا۔
پاکستان
شرح سود میں کمی کاروبار، صنعت اور دیگر شعبوں کے لیے اچھی خبر ہے، شہباز شریف
شرح سود کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں کمی کاروبار، صنعت اور دیگر شعبوں کے لیے اچھی خبر ہے، شرح سود کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مرکزی بینک نے گزشتہ چند ماہ میں پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کی، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد پر آگیا ہے، پالیسی ریٹ کا 15 فیصد پر آنا خوش آئند پیشرفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی صنعت اور دیگر شعبوں کے لیے اچھی خبر ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا، پالیسی ریٹ کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی، ایسے ہی بہتری آتی رہی تو معشیت اچھے طریقے سے آگے بڑھے گی، معاشی اشاریے مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں، معیشت مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے، سردیوں کے لیے بہت اچھی ونٹر پیکیج خبر ہے، چاہتے ہیں عام آدمی کو ریلیف ملے اور روزگار بڑھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرا سعودی عرب اور قطر کا دورہ مفید رہا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، بزنس ٹو بزنس معاہدوں پر پیشرفت ہورہی ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ میرے دورے کے تناظر میں ہمارا وفد سعودی عرب گیا ہے، وفد کے دورے میں شمسی توانائی، ہنرمند افرادی قوت اور کان کنی کے شعبوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، پاکستانی وفد آئی ٹی ،معدنیات اور توانائی کے شعبے پر بات کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کے حوالے سے بات ہوئی ہے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ کس حد تک ایم او یوز سے فائدہ اٹھاتے ہیں، محنت سے کام کرنے پر کامیابی ضرور ملتی ہے، سفر کٹھن ہے لیکن محنت کرنے والی قومیں ضرور کامیاب ہوتی ہیں۔
تجارت
مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی
سونے کی فی تولہ نئی قیمت500 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 83 ہزار 200 روپے ہوگئی
ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد آج کمی ہوگئی۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں عالمی منڈی کے زیراثر سونے کی قیمت میں کمی ہوئی اور فی تولہ سونے کے بھاؤ 500 روپے کم ہوگئے۔
ملک میں سونے کی فی تولہ نئی قیمت 2 لاکھ 83 ہزار 200 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 429 روپے کی کمی کے بعد 2 لاکھ 42 ہزار798 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 5 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 2736 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں 10 گرام سونا 600 روپے اور فی تولہ 700 سونا روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 43 ہزار 227 روپے اور فی تولہ 2 لاکھ 83 ہزار 700 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
-
تجارت 4 گھنٹے پہلے
مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی
-
پاکستان 23 گھنٹے پہلے
حکومت کا سروسز چیف کی مدت ملازمت 3 سے بڑھا کر 5سال کرنے کا امکان
-
پاکستان ایک دن پہلے
میرا سامان گاڑی میں ہے، جب کہیں گے جیل جانے کو تیار ہوں، بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں آبدیدہ
-
پاکستان ایک دن پہلے
جماعت اسلامی نے آئینی ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی
-
تجارت ایک دن پہلے
سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو گیا
-
تجارت 23 گھنٹے پہلے
عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت میں کمی ، پاکستان میں بھی قیمتوں میں کمی متوقع
-
پاکستان 7 گھنٹے پہلے
اعظم سواتی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار
-
پاکستان 2 گھنٹے پہلے
جوڈیشل کمیشن اجلاس: جسٹس امین الدین خان آئینی بینچز کے سربراہ مقرر