تجارت

حکومت کا بجلی کی کھپت بڑھانے کے لیے ونٹر پیکج لانے کا فیصلہ

ونٹر پیکج کا اطلاق آئی ایم ایف اور کابینہ کی منظوری کے بعد ہو گا

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 months ago پر Nov 8th 2024, 3:24 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
حکومت کا بجلی کی کھپت بڑھانے کے لیے ونٹر پیکج لانے کا فیصلہ

حکومت نے سردیوں میں بجلی کی کھپت بڑھانے کے لیے ونٹر پیکج پر غور شروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے  مطابق حکومت  نے موسم سرما میں اضافی بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے  ونٹر پیکج کی تجویز دی ہے، رپورٹس کے مطابق حکومت ونٹر پیکج  جنوری سے اپریل تک شروع کرنےپر غور کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بجلی کی طلب 8 ہزار سے 15 ہزار میگاواٹ بڑھانےکا پلان بنایا گیا ہے جب کہ اضافی بجلی استعمال کرنے  پرصارفین کو ایک یونٹ پر 12 روپے تک ریلیف دینےکی تجویز ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ اس اقدام سے کیپیسٹی پیمنٹ چارجز کا بوجھ کم ہو سکے گا اور ہرطرح کے صارفین کے اضافی بجلی استعمال سے ہزاروں بند فیکٹریاں چل سکیں گی۔

میڈیا ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے قانونی معاملات فائنل کرلیے گئے ہیں،تاہم پیکج کا اطلاق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی منظوری سے مشروط ہے اور آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کو بریف کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد کابینہ سے حتمی منظوری لی جائے گی۔