کھیل

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا

GNN Web Desk
شائع شدہ 12 days ago پر Dec 10th 2024, 11:15 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا پہلا میچ آج (منگل) کو پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا۔ 

پاکستان دورہ جنوبی افریقہ کا پہلا میچ ڈربن کے کنگز میڈ گراؤنڈ میں کھیلے گا۔ اس دورے میں پاکستان تین ٹی ٹوئنٹی، تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ 

پاکستان ٹیم زمبابوے کا کامیاب دورہ کرکے آٹھ دسمبر کو ڈربن پہنچی۔ محمد رضوان کی قیادت میں ٹیم زمبابوے کے شہر بولاوایو سے جنوبی افریقہ پہنچی، جبکہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی پاکستان سے پہنچے کیونکہ دونوں کو زمبابوے کے دورہ پر آرام دیا گیا تھا۔ 

پاکستانی ٹیم نے اب تک جنوبی افریقہ میں گیارہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں سے چھ میں جیت اور پانچ میں ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ ڈربن میں اب تک پاکستان نے کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا۔  

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امید ہے جیسے ٹیم نے آسٹریلیا اور زمبابوے میں پرفارم کیا یہاں بھی پرفارم کرے گی، پاکستان کے نئے کھلاڑیوں میں کافی ٹیلنٹ ہے،اوور سیز سیریز ہمیشہ مشکل ہوتی ہیں۔