دنیا

یونان میں  تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک، 40 لاپتہ

حادثے کے بعد اب تک 39 افراد کو بچایا جا چکا ہے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے،یونانی کوسٹ گارڈ حکام

GNN Web Desk
شائع شدہ 7 days ago پر Dec 15th 2024, 10:40 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
یونان میں  تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک، 40 لاپتہ

یونان کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہوگئے۔

یونانی ریسکیو حکام  نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ کشتی کے حادثے کے بعد اب تک 39 افراد کو بچایا جا چکا ہے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے۔ کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہیں کریٹ کے جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتہ ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

یونان کشتی حادثے پر وزیراعظم شہباز شریف نے میں پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں، انسانی سمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو غریب عوام کوجھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے، انہوں نے مزید کہا  کہ انسانی سمگلنگ اندوہناک جرم ہے، اس گھناؤنے فعل کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے،محسن نقوی نے تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی جو  واقعےکی تحقیقات کر کے 5 روزمیں رپورٹ وزیرداخلہ کو دے گی۔