- Home
- News
شام: اسرائیل کے عسکری تنصیبات پر 60 سے زائد حملے
صیہونی فورسز نے دمشق میں فورتھ ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر اور قریبی علاقوں میں بمباری کرتے ہوئے ریڈار سسٹم اور فوجی اسلحہ ڈپو تباہ کردیا گیا
دمشق: اسرائیل کے شامی عسکری تنصیبات اورہتھیاروں کے ذخائر پر حملے جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بشار الاسد اور ان کی حمایت یافتہ فوج کے فرار ہونے کے بعد اسرائیل مسلسل شامی فوج کے اسلحے کے ذخائر اور فوجی سازوسامان کو تباہ کر رہا ہے،
گزشتہ روزصیہونی فورسز نے دمشق میں فورتھ ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر اور قریبی علاقوں میں بمباری کرتے ہوئے ، فضائی حملوں میں ریڈار سسٹم اور فوجی اسلحہ ڈپو تباہ کردیا گیا۔
برطانیہ میں موجود تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ چند گھنٹوں میں شام کے فوجی ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے ذخائر پر 61 میزائل حملے کیے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج شام کے شہر قنیطرہ میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے اور علاقہ جبری خالی کرانے کےلیے پانی و بجلی اور سڑکوں کا نظام تباہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ شام میں بشار الااسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل کی جانب سے شام پر جارحیت کا یہ سلسلہ جاری ہے، اسرائیل کی جانب سے شام میں فوجی تنصیبات اور اسلحہ بنانے والی جگہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اردن میں ہونے والے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں شرکاء کی جانب سے شام میں اسرائیلی دراندازی کی مذمت کی گئی۔
اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ، عالمی برادری اسرائیل کومقبوضہ شامی علاقوں سے متعلق قراردادوں پرعملدرآمد کا پابند بنائے، شامی عوام کو تمام ضروری مدد فراہم کریں گے، شام کی تعمیر نو کیلئے اقدامات اور مدد بھی کریں گے
دوسری جانب شامی وزیر اعظم اور عالمی رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے شامی سرزمین پر قبضے اور جاری حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر اپنی فوجیں شامی سرزمین سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔