پاکستان

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ساحلی علاقوں کی ترقی اور فلاح کے اقدامات کو تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 days ago پر Dec 31st 2024, 8:27 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کیا گیا، جس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس میں بحیرہ ہند کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران پاک بحریہ کے مختلف آپریشنل پہلوؤں اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانفرنس میں قومی سمندری تجارتی گزرگاہوں کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ نیول چیف نے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ہتھیاروں کے حصول کی اہمیت پر زور دیا اور اس کی حمایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کو فروری 2025 میں ہونے والی کثیرالجہتی مشق “امن” کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی امن ڈائیلاگ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ فراہم کی گئی، جس کا مقصد خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔

مزید برآں نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس میں ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ساحلی علاقوں کی ترقی اور فلاح کے اقدامات کو تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ مقامی سطح پر معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور لوگوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔