پاکستان، چین تعلقات اسٹریٹجک سے بڑھ کر عوامی دوستی کی مثال ہیں: آصف زرداری
صدر زرداری نے اس موقع پر پاک چین تعلقات کی پائیدار نوعیت پر بھی روشنی ڈالی، اور کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہے


صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینگڈو میں منعقدہ دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب کرتے ہوئے فن و ثقافت کو انسانوں کو جوڑنے اور تہذیبوں کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق، اس عالمی ثقافتی فورم میں چین کے اعلیٰ حکام، بین الاقوامی مندوبین، فنکاروں اور ثقافتی نمائندوں نے شرکت کی۔
ایوان صدر کے مطابق، صدر مملکت نے ایوارڈ جیتنے والے فنکاروں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنون لطیفہ سرحدوں سے بالاتر ہو کر مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دیتے ہیں۔
صدر زرداری نے چینی صوبے سیچوان کی حکومت، چائنا فیڈریشن آف لٹریری اینڈ آرٹ سرکلز اور فورم کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لی شو لی کا بھی گرمجوش مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب میں صدر مملکت نے چین کے "تہذیبوں کے تبادلے اور باہمی سیکھنے" کے وژن کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (GDI)، گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو (GSI) اور گلوبل گورننس انیشیٹو (GGI) کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جن کا مقصد پائیدار ترقی، عالمی استحکام اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے گلوبل گورننس انیشیٹو کو تہذیبی ہم آہنگی، ثقافتی مساوات، عوامی روابط اور مکالمے کے فروغ میں کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیانیہ "تہذیبوں کے تصادم" کی سوچ کی نفی کرتا ہے۔
صدر زرداری نے اس موقع پر پاک چین تعلقات کی پائیدار نوعیت پر بھی روشنی ڈالی، اور کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ شراکت داری نہ صرف اسٹریٹجک ہے بلکہ عوامی سطح پر گہری دوستی کا مظہر بھی ہے۔ صدر مملکت نے تخلیقی صنعتوں کے فروغ، ثقافتی تبادلوں میں اضافے اور باہمی افہام و تفہیم کے کلچر کے قیام کے لیے چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ثقافت دنیا میں امن، ترقی اور انسانی فلاح کے لیے ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ صدر زرداری نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کو تصادم کے بجائے تعاون اور باہمی کامیابی کا راستہ دکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان چینی اقدامات سے بہت متاثر ہوئے ہیں جو انسانی اقدار کے تحفظ اور فروغ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل، صدر آصف علی زرداری نے چنگدو میں چین کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ لی شو لی سے ملاقات بھی کی، جس میں دو طرفہ، کثیر الجہتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
چینی وزیر نے صدر زرداری کے فروری میں کیے گئے دورہ چین اور حال ہی میں "چائنا ڈیلی" میں شائع شدہ ان کے مضمون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں دونوں ممالک نے ہمیشہ مضبوط تعلقات قائم رکھے ہیں۔
چینی رہنما کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا کو "کتابوں کی خوشبو" کی ضرورت ہے، نہ کہ بارود کی۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگی۔
لیجنڈ گلوکارعطا اللہ عیسیٰ خیلوی کا اپنی تدفین کے حوالے سے انکشاف
- 4 دن قبل

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ڈیٹا سینٹر سکائی 47 قراقرم ون کا افتتاح کر دیا
- 4 دن قبل

مون سون نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، محکمۂ صحت ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ سے الرٹ
- 4 دن قبل

سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی، خریداروں کے چہرے کھل اٹھے
- 4 دن قبل
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ جاری
- 19 گھنٹے قبل
وزیراعظم کا لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو ''فور اسٹار جنرل''کے عہدے پر ترقی دینے کااعلان
- 4 دن قبل

پاکستان میں مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود کتنا ہو گیا؟
- 18 گھنٹے قبل
29 جولائی کوعام تعطیل کا سرکاری اعلان کر دیا گیا
- 19 گھنٹے قبل
پنجاب حکومت کا پرواز کارڈ اسکیم کے تحت اوورسیز روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے اشتراک
- 2 دن قبل
جنرل سید عامر نےکمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈکا منصب سنبھال لیا، فیلڈ مارشل سے بھی ملاقات
- 13 گھنٹے قبل

اداکارہ و ماڈل روما مائیکل نے جیون ساتھی چن لیا
- 2 دن قبل

پاکستان پیپلز پارٹی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، گورنر پنجاب
- 12 گھنٹے قبل

