وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں سیلاب سروے مہم کے رضاکاروں سے حلف لیتے ہوئے خطاب میں کہا کہ پنجاب کام کر رہا ہے، باقی صرف تنقید میں مصروف ہیں، بہتر ہوگا کہ وہ بھی اپنے صوبوں میں عوام کی خدمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب سے پنجاب کے 25 کے قریب شہر متاثر ہوئے، لیکن حکومتِ پنجاب نے فوری انخلا اور مؤثر ریلیف آپریشن کے ذریعے 25 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جس کے بعد بحالی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے خواجہ سلمان رفیق، مریم اورنگزیب، پی ڈی ایم اے، ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کی شب و روز محنت کو سراہا اور کہا کہ پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جہاں سیلاب کے بعد کسی وبا کا خطرہ پیدا نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کیمرے کے بغیر خاموشی سے کام کرنے سے فرق نہیں پڑتا، اصل کام وہ ہے جو سر چڑھ کر بولے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں برتی، جہاں ضرورت پڑی وہاں خود گئی، اور سیلاب زدہ علاقوں میں کلینک آن ویلز اور کلینک آن بوٹس بھیجے گئے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کامیابیوں پر کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور دیگر صوبوں سے آوازیں آ رہی ہیں کہ کاش ہماری حکومت بھی پنجاب جیسی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پیر پگارا نے بھی پنجاب کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ دو تین سال بعد لگے گا بھی نہیں کہ یہاں کبھی سیلاب آیا تھا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ یہ سب کسی جادو کی چھڑی کا نتیجہ نہیں بلکہ محنت، تسلسل اور عوامی احساس کا ثمر ہے، جو صرف کام کرنے والی حکومت ہی دکھا سکتی ہے۔