وزیراعظم کا حافظ نعیم سے رابطہ، صمود فلوٹیلا کے پاکستانیوں کی واپسی کی یقین دہانی
وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی اس کے ساتھ کسی قسم کے سفارتی تعلقات رکھتا ہے


وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران صمود فلوٹیلا سے اسرائیلی تحویل میں موجود پاکستانیوں، خصوصاً سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی بحفاظت وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، گفتگو کے دوران وزیراعظم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی روک تھام پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے واضح اور دوٹوک رہا ہے، اور ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ بھی مظلوم فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے پاکستانی مؤقف کو دہرایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی دنیا کے آٹھ ممالک فلسطین میں جنگ بندی کے لیے سرگرم کوششیں کر رہے ہیں، اور انہیں اُمید ہے کہ یہ کوششیں جلد رنگ لائیں گی اور فلسطینی ریاست کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
اسی دوران وزیراعظم نے حافظ نعیم الرحمان کو آگاہ کیا کہ صمود فلوٹیلا سے اسرائیلی تحویل میں لیے گئے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے حکومت پوری سنجیدگی سے کردار ادا کر رہی ہے، بالخصوص سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی رہائی اور واپسی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی اس کے ساتھ کسی قسم کے سفارتی تعلقات رکھتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں کے درمیان مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جس میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کشمیر میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔
دوسری جانب، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم سے رابطے میں مشتاق احمد خان کی بازیابی کی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں آگاہ کیا کہ اس معاملے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو خصوصی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ یہ صرف جماعت اسلامی کا معاملہ نہیں، بلکہ پورے پاکستان کے وقار اور احساسات سے جڑا مسئلہ ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ پلان پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو صرف آزاد فلسطینی ریاست کے اصولی مؤقف پر ہی قائم رہنا چاہیے، کسی ایسے منصوبے کی حمایت نہ کی جائے جو بالآخر اسرائیل کو فائدہ پہنچائے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق، بدھ سے اب تک اسرائیلی افواج 43 امدادی کشتیوں کو تحویل میں لے چکی ہیں، جن پر سوار تقریباً 500 رضاکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے 200 سے زائد افراد کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
ان گرفتار افراد میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، صمود فلوٹیلا کے 200 کارکنان کو صحرائے نقب کی جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں وہ ڈی پورٹ کیے جانے تک قید رہیں گے۔ تاہم، مشتاق احمد خان کی جیل منتقلی کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

مریم نواز کا پیپلز پارٹی کو دو ٹوک جواب: پنجاب پر تنقید پر معافی نہیں مانگوں گی
- 7 گھنٹے قبل

صدر ٹرمپ کی حماس کو ڈیڈ لائن، معاہدہ نہ ہوا تو سنگین نتائج کی دھمکی
- 5 گھنٹے قبل

پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، دفاتر میں روایتی کاغذ سسٹم ختم، کروڑوں کی بچت متوقع
- 7 گھنٹے قبل

کراچی پر سمندری طوفان کا خدشہ، محکمہ موسمیات کا پانچواں الرٹ جاری
- 6 گھنٹے قبل

ججز کی منتقلی کا نوٹیفکیشن غیر مؤثر اور غیر آئینی ہے، سپریم کورٹ کے دو ججز کا اختلافی مؤقف
- 5 گھنٹے قبل

سندھ ایمپلائز الائنس نے 6 اکتوبر کا دھرنا مؤخر کر دیا، احتجاج ختم کرنے کا اعلان
- 5 گھنٹے قبل

محمد علی مرزا کو گستاخ کہنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلامی نظریاتی کونسل کو نوٹس جاری کر دیا
- 6 گھنٹے قبل

مراکش: احتجاجی تحریک کی قیادت کرنے والے نوجوان گروپ کا حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
- 4 گھنٹے قبل

ناشتہ دیر سے کرنا: صحت اور عمر پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، تحقیق
- 4 گھنٹے قبل

سندھ پولیس نے انٹرپول سے رینج روور اسپورٹ کی ٹریک لاگ کی تفصیلات طلب کر لیں
- 2 گھنٹے قبل

فلوٹیلا شرکا سکیورٹی جیل میں قید، اسرائیلی وزیر بن گویر کا ویڈیو بیان منظر عام پر
- 2 گھنٹے قبل

اے ٹی ایف انڈر 12 انٹرکانٹینینٹل ٹینس چیمپئن شپ: پاکستان نے کولمبیا کو شکست دے دی
- 4 گھنٹے قبل