Advertisement
پاکستان

عوام کا سڑکوں پر آنے پر شکریہ : عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے امریکی حمایت سے رجیم چینج کیخلاف نکلنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں پاکستانی سڑکوں پر امڈ آئے ہیں۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 years ago پر Apr 11th 2022, 4:34 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
عوام کا سڑکوں  پر آنے پر شکریہ : عمران خان

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم  عمران خان نے کہا کہ ضمانتوں پر رہا ہونے والوں کو اقتدار میں لانےکی کوشش کی گئی، بیرون ملک پاکستانیوں نے میر صادق اور میرجعفروں کو مسترد کردیا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مقامی میرجعفروں نے امریکی حمایت سے حکومت تبدیل کی لیکن اندرون اور بیرون ملک پاکستانیوں نے ان کو مسترد کردیا ہے۔

 

 

واضح  رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کراچی، لاہور،اسلام آباد،  ملتان، فیصل آباد، چلاس، کوہاٹ، چیچہ وطنی، جہانیاں، میانوالی، بہاولنگر، منڈی بہاء الدین، سکھر، کندھ کوٹ، خیرپور اور تھر پارکر میں عمران خان کی حمایت کااظہار  کیا۔

کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈالمیا روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث ٹریفک پولیس گاڑیوں کو راشد منہاس روڈ سے نیپا چورنگی بھیجنے لگی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان نے مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔ لاہور کے لبرٹی چوک پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور سپورٹرز کی بڑی تعداد جمع ہوئی  اور عمران خان کی اپیل پر احتجاج کیا۔

ملتان کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور سابق وزیراعظم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ فیصل آباد میں عمران خان کی اپیل پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور پی ٹی آئی حکومت کی تبدیلی کے معاملے پر نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے کوہاٹ میں کچہری چوک اور چلاس میں صدیق اکبر چوک پر احتجاجی مظاہرے کیے۔

دوسری جانب بیرون ملک بھی پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے عمران خان کی حمایت میں مظاہرہ کیا، برطانیہ  میں پی ٹی آئی کے حامی اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے لندن میں ہائیڈ پارک میں جمع ہوئے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے امریکی سفارت خانے تک مارچ کریں گے۔

خیال رہے کہ ہفتے کی رات قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ اب ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔

Advertisement