Advertisement
پاکستان

"چار فروری کو استعفوں کے طریقہ کار اور دھرنے سے متعلق فیصلے ہونگے"

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چار فروری کو پی ڈی ایم اجلاس میں استعفوں کے طریقہ کار اور دھرنے سے متعلق فیصلے ہونگے ، بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد اور ان ہائوس تبدیلی کی بات کریں گے تو غور کیاجائےگا۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 years ago پر Feb 3rd 2021, 5:22 am
ویب ڈیسک کے ذریعے

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز چارفروری کو ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئےجاتی امراء سے اسلام آباد روانہ ہو گئیں، روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہوزیر اعظم کی ترجیحات صرف اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانا ہے، عوام کی ذمہ داری عمران خان کی ترجیحات میں شامل نہیں،عوام کو وہ جواب دیتے ہیں جنہیں منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہورہاہے اور لوگ بلبلا اٹھے ہیں، کوئی کام آئین کے دائرہ کار سے باہر بات کرے گا تو ہمارا فرض بولنا ہے اور میں بول رہی ہوں، ہماری تنقید برائے تنقید نہیں ہے آئین کی کوئی خلاف ورزی کرے گا تو ان کے خلاف ہم بولیں گے۔ 

مریم نوازنے کہا کہ چار فروری کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگااس میں لائحہ عمل بنائیں گے، بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد اور ان ہائوس تبدیلی کی بات کریں گے تو غور کیاجائےگا، مسلم لیگ ن اور باقی جماعتیں استعفے دینے پر یقین رکھتی ہیں استعفے دینے چاہئیں اور ضرور دینے چاہئیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ چار فروری کو استعفوں کا کیا طریقہ کار ہوگا اس کا فیصلہ کیاجائےگا، لانگ مارچ پرپی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متفق ہیں، لانگ مارچ اور دھرنا کتنے وقت کےلئے ہوگا یہ بیٹھ کر طے کریں گے۔ لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے عوام پر حکومت کا عذاب رہے۔ مہنگائی کرکے حکومت پانچ سال پورے نہیں کر سکتی ۔ 

 

Advertisement