Advertisement

سندھ میں 24 گھنٹوں میں ملیریا کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے

اس سال ملیریا کے مریضوں کی تعداد 352,238 تک پہنچ گئی ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Sep 26th 2023, 8:07 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
سندھ میں 24 گھنٹوں میں ملیریا کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے

کراچی: صوبہ سندھ میں ملیریا نے تشویشناک موڑ اختیار کر لیا، کراچی سمیت 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملیریا کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے ایک ہی دن میں 5,185 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جس سے اس سال صوبے میں ملیریا کے کیسز کی مجموعی تعداد 352,238 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز حیدرآباد ڈویژن میں 2 ہزار 243، لاڑکانہ میں 1490، میرپور خاص میں 949، سکھر میں 283، شہید بینظیر آباد میں 195 اور کراچی میں 25 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کراچی کے اضلاع میں ملیر میں 12، کورنگی میں 9 اور وسطی، مشرقی، جنوبی اور مغربی اضلاع میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

اس سال سندھ میں ملیریا کے کیسز میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن کی کل تعداد 352,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ 2023 میں ملیریا سے دو جانیں چلی گئیں۔

Advertisement