لکی مروت: شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق

دو گرہوں کے درمیان فائرنگ سے محفل میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے

GNN Web Desk
شائع شدہ 8 months ago پر Apr 24th 2024, 3:26 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
لکی مروت: شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں رات گئے شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 6افراد جاں بحق اور  متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لکی مروت میں تھانہ غزنی خیل کی حدود میں پیش آیا جہاں عمران خان اور احسان اللہ نامی دو فریقین کے درمیان دشمنی تھی، گزشتہ رات کو شادی میں محفل موسیقی میں ان کا آمنا سامنا ہوا تو انہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجےمیں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے محفل میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں عزیر، احسان، عمران، زاہد اللہ، فیضان شامل ہیں، ان افراد کا تعلق گاؤں بہرام خیل اور تری خیل سے ہے جب کہ مقتولین میں اشتہاری ملزمان زاہد اللہ اور احسان اللہ بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لکی مروت کے علاقے غزنی خیل میں شادی کی تقریب میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس نےبتایا کہ دونوں گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی تھی جب کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں 2 راہ گیر بھی شامل ہیں۔