علاقائی

پشاور: بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ

مشیر خزانہ کے پی کے کی زیر صدارت اجلاس: بی آر ٹی کے کرایوں میں 5 سے 10 روپے اضافہ کرنےکے فیصلے پر غور کیا گیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 7 months ago پر May 26th 2024, 3:01 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پشاور: بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کے اخراجات کم کرنے کے لیے کرایوں میں 5 سے 10 روپے اضافہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

پشاور بی آر ٹی کو سالانہ 3 ارب روپے سے زیادہ خسارے کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لیے صوبائی بجٹ میں بی آر ٹی کے لیے 3 ارب روپے سبسڈی کی مد میں مختص کیے گئے ہیں۔

مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بی آر ٹی کے کرایوں میں 5 سے 10 روپے اضافہ کرنےکے فیصلے پر غور کیا گیا، دستاویز کے مطابق کرایوں میں اضافے کی منظوری کیپوما بورڈ سے لی جائے گی۔

اجلاس میں عام شہریوں کے لیے یومیہ لامحدود سفر کیلئے 150 روپےکا پاس متعارف کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ خواتین، طلبا، خواجہ سراؤں اور بزرگوں کیلئے پاس کی قیمت 100روپے رکھی جائے گی۔

اس کے علاوہ مشیر خزانہ نے بی آر ٹی اسٹیشنز میں دکانوں کو کم کرائے پردینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دکانیں کم کرائے پر دینے والوں کےخلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

دستاویز کے مطابق دکانیں ماہانہ 6 ہزار روپے کے کرائے پر دی گئی ہیں، مشیر خزانہ نے دکانوں کا کم سےکم کرایہ 100 روپے فی مربع فٹ رکھنے کی ہدایت کی جبکہ کیپوما کو 3 کمرشل پلازوں کو کرائے پر دینے کیلئے پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ ٹرانس پشاور آپریشنل پلان کو دوبارہ ترتیب دے کر 2 ارب کی بچت کرے۔