جی این این سوشل

پاکستان

پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے ساتھ 2 گھنٹوں میں مشاورت کا حکم

پر شائع ہوا

کی طرف سے

پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ
جی این این میڈیا: نمائندہ تصویر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو احتجاج کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

پی ٹی آئی کی آج اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت سے متعلق درخواست پر ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے ساتھ دو گھنٹوں میں مشاورت کا حکم دیتے ہوئے عدالت کو ساڑھے 12 بجے تک آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

سرکاری وکیل نے کہا ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے اندر احتجاج کی تمام درخواستیں مسترد کر دی ہیں، شہریوں کی حفاظت کے لیے اس وقت کسی کو کوئی اجازت نہیں مل سکتی۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا جو وجوہات آپ بتا رہے ہیں ایسا تو پھر کوئی احتجاج کر ہی نہیں سکتا، یا تو آپ کوئی قانون بنا دیں کہ پریس کلب کے باہر اتنے تعداد سے زیادہ لوگ اکٹھے نہیں ہو سکتے۔ آپ کہہ دیں کہ آپ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی کبھی اجازت نہیں دینی۔

پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا اگر یہ ہمیں پریس کلب کے باہر کی اجازت نہیں دیتے تو ایف نائن پارک کی اجازت دیں، حکومت راستے بند نہیں کر سکتی، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استفسار کیا کہ اگر کوئی احتجاج کرتا ہے تو حکومت احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرےگی؟ حکومت نے دوسری جماعت کو بھی اجازت نہیں دی تو انکو روکنے کیلئے کچھ تو کریں گے، اگر پی ٹی آئی کو اجازت دی جاتی ہے تو پھر تو افراتفری پھیل جائے گی۔آپ پی ٹی آئی کو پیر کو احتجاج کی اجازت دے دیں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا پیر کی اجازت نہیں دے سکتے، معلوم نہیں پیر کو کیا حالات ہوں گے، اگرجماعت اسلامی کا دھرنا طویل ہوگیا تو پھر اجازت نہیں دے سکتے۔

عدالت نے کہا اگر مگر کی بات نہیں ہوگی، حکومت کو بھروسہ ہوناچاہیے کہ وہ حالات کنٹرول کرلے گی، اس طرح کی باتیں نہ کریں کہ جس سے آپ کی نااہلی سامنے آئے، آپ خود کو اتنا بےیارو مدگار ثابت نہ کریں، آپ حکومت ہیں، پڑوس میں ہمارے کتنے دشمن بیٹھے ہیں وہ یہ سنیں گے تو کیا تاثر جائے گا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کا کہنا تھا دشمنوں سے نمٹ لیں گے، اپنوں کے معاملے میں مشکل پیش آتی ہے، جس پر جسٹس ثمن رفعت نے کہا پھر میں یہ لکھ دوں کہ حکومت بے بس ہے جو تین دن میں حالات کنٹرول نہیں کر سکتی؟ سرکاری وکیل نے کہا اگر عدالت نے آرڈر کرنا ہے تو کر دے ہم اجازت نہیں دے سکتے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

تفریح

بالی ووڈ کی نامور ڈائریکٹر اور کوریو گرافر فرح خان اور فلمساز ساجد خان کی والدہ انتقال کر گئیں

79 سالہ میناکا ایرانی گزشتہ کافی عرصے سے بیمار تھیں اور اسپتال میں زیرِ علاج تھیں

پر شائع ہوا

ویب ڈیسک

کی طرف سے

بالی ووڈ کی نامور ڈائریکٹر اور کوریو گرافر فرح خان اور فلمساز ساجد خان کی والدہ انتقال کر گئیں

بالی ووڈ کی نامور ڈائریکٹر اور کوریو گرافر فرح خان اور فلمساز ساجد خان کی والدہ میناکا ایرانی 79 سال کی عُمر میں دُنیا سے کوچ کرگئیں۔

بھارتی اداکار و فلمی مبصر کمال راشد خان المعروف ‘کے آر کے’ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر فرح خان اور اُن کی والدہ کی تصویر پوسٹ کی۔

کمال راشد خان نے اپنی پوسٹ میں افسوسناک خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ فرح خان اور ساجد خان کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 79 سالہ میناکا ایرانی گزشتہ کافی عرصے سے بیمار تھیں اور اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

فرح خان اور ساجد خان کے مداح اُن کی والدہ کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوتے فلمساز بہن بھائی کی جوڑی کے لیے صبر کی دُعا کررہے ہیں۔

پڑھنا جاری رکھیں

ٹیکنالوجی

گوگل کا پیرس اولمپک2024 کی مناسبت سے خصوصی ڈوڈل تیار

ڈوڈل تصویر میں کچھ کارٹون جانور دکھائے گئے ہیں جو پیرس اولمپکس میں کھیلے جانے والے مختلف کھیلوں کی نمائندگی کررہے ہیں

پر شائع ہوا

ویب ڈیسک

کی طرف سے

گوگل کا  پیرس  اولمپک2024 کی مناسبت سے خصوصی ڈوڈل تیار

سرچ انجن گوگل نے سمر اولمپک گیمز پیرس 2024 کی مناسبت سے خصوصی ڈوڈل تیار کیا ہے جو آج سے گوگل کے ہوم پیج پر دکھائی دے رہا ہے۔

ڈوڈل پر کلک کرنے کی صورت میں صارفین کے سامنے موجودہ معلومات اور 2024 کے پیرس سمر اولمپک گیمز کے ساتھ ساتھ نمایاں مقابلوں اور خبروں پر مشتمل صفحہ آجاتا ہے۔

گوگل ہوم پیج پر ڈوڈل تصویر میں کچھ کارٹون جانور دکھائے گئے ہیں جو پیرس اولمپکس میں کھیلے جانے والے مختلف کھیلوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔

ڈوڈل ایپلی کیشن میں مختلف ممالک کےلیے اہم دن اور تعطیلات، ثقافتی تقریبات اور تاریخ کے اہم لوگوں پر موضوع کے لحاظ سے لوگو کے ساتھ جگہ دی گئی ہے۔

انٹرنیٹ صارفین خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ لوگو پر کلک کرکے اس دن، شخص یا موضوع کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2024 کے پیرس سمر اولمپک گیمز 26 جولائی سے 11 اگست کے درمیان کھیلے جائیں گے اور آج سے اس کا باضابطہ آغاز فرانس کے دارالحکومت میں ہورہا ہے۔

پڑھنا جاری رکھیں

پاکستان

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی احتجاج کی کال، پنڈی سے اسلام آباد جانیوالے راستے بلاک

پولیس نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی  کے لیے 60 سے زائد مقامات پر چھاپے مار کر 110 افراد کو حراست میں لے لیا

پر شائع ہوا

ویب ڈیسک

کی طرف سے

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی  کی احتجاج کی کال، پنڈی سے اسلام آباد جانیوالے راستے بلاک

جماعت اسلامی کے دھرنے اور پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستوں کنٹینر لگاکر بند کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انتظامیہ کا بتانا ہےکہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں بھی میٹروبس سروس بند کردی گئی ہے جو آئی جے پی سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی۔فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی جانے والے راستہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور مری روڈ پر چاندنی چوک اور سکستھ روڈ پر کنٹینر رکھ دیے گئے  ہیں۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی کے خلاف دھرنا ضرور ہوگا اور قافلے اسلام آباد کی طرف رواں ہیں۔امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان اور نائب امیر لیاقت بلوچ اسلام آباد موجود ہیں، لیاقت بلوچ کے گھر چھاپے میں دو ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا۔

جماعت اسلامی نے لاہور، گجرات، وہاڑی، سرگودھا، حافظ آباد اور فیصل آباد سے متعدد کارکنان کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری طرف لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی  کے لیے 60 سے زائد مقامات پر چھاپے مار کر 110 افراد کو حراست میں لے لیا۔حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سے ہے۔ پی ٹی آئی کے یاسر گیلانی اورحافظ ذیشان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ساندہ ، گلشن راوی سے پکوان سینٹر ، کیٹرنگ سروس اور ساؤنڈ سسٹم سینٹر پر چھاپے مارے گئے۔ ساندہ ، گلشن راوی سے پی ٹی آئی کے 11 کارکنوں کو پکڑا گیا۔ جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں کو بھی مختلف مقامات سے حراست میں لیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی  نے آج احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

پڑھنا جاری رکھیں

ٹرینڈنگ

Take a poll