جرم

شکارپور : کچے کے علاقے میں فائرنگ سے ایس ایچ او سہراب اوڈھو شہید

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید ایس ایچ او کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، سینئر پولیس افسران شہید ایس ایچ او کے گھر تعزیت کے لیے جائیں

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 ماہ قبل پر اکتوبر 9 2024، 11:06 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
شکارپور :  کچے کے علاقے میں فائرنگ سے ایس ایچ او سہراب اوڈھو شہید

سکھر: شکارپور میں کچے کے علاقے میں فائرنگ سے ایس ایچ او سہراب اوڈھو شہید ہوگئے۔

شکارپور میں کچے کے علاقے چک میں فائرنگ سے بچل بھیو تھانے کے ایس ایچ او سہراب اوڈھو شہید ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ چک کچے کے علاقے میں جتوئی اور مہر قبیلے کے لوگوں میں فائرنگ جاری ہے، سہراب اوڈھو اس فائرنگ کو رُکوانے کی کوشش کررہے تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران سہراب اوڈھو شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد علاج کے غرض سے انہیں سکھر منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ دم توڑ گئے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے سخت نوٹس لے لیا ہے جب کہ ایس ایس پی شکارپور سے تفصیلات طلب کرلیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید ایس ایچ او کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، سینئر پولیس افسران شہید ایس ایچ او کے گھر تعزیت کے لیے جائیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پولیس پر حملے میں ملوث ڈاکوؤں کی بیخ کنی کے لیے آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔