علاقائی

لاہور میں اسموگ کی ابتر صورتحال ، ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا فیصلہ

بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، مریم اورنگزیب

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 months ago پر Nov 3rd 2024, 1:54 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
لاہور میں اسموگ کی ابتر صورتحال ،  ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا فیصلہ

حکومت پنجاب نے لاہور میں اسموگ کی ابتر صورتحال کے باعث ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی، گزشتہ روز سے لاہور میں اسموگ کی صورتحال میں اضافہ ہوا، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، امرتسر و چندی گڑھ سے ہوا پاکستان آئی تو اس میں اسموگ بہت تیز تھی، بھارت سے اسموگ آئی اور ایک دم پھیل گئی اور بھارت کی طرف سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اسموگ کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب نے اقدامات کیے، 8 ماہ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو بٹھا کر لائحہ عمل دیا، اسموگ سے بچاؤ کے حکومتی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، 550 سے زائد بھٹوں کو مسمار کیا گیا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی گئی ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ہے، کل مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 1900 تک ہوگیا تھا، بعد میں یہ اے کیو آئی کافی کم ہوگیا تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عوام اسموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدبیر اختیار کریں، ہماری ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں، اب تک ایک ہزار سپر سیڈز کسانوں میں بانٹے گئے ہیں، ای بائیکس منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’یہ معاملہ بھارت سے بات کیے بغیر حل نہیں ہو سکتا، بھارت سے بات کرکے ہی یہ معاملہ ٹھیک ہوسکتا ہے، اسموگ کورونا کی طرح ہے جو سرحدوں سے آرہی ہے، اسموگ خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں کی جائےگی۔‘

انہوں نے لاہور میں ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پانچویں جماعت تک اسکولوں کو ایک ہفتے کی چھٹے دے رہے ہیں۔