پاکستان

وزیراعظم کا انسداد کرپشن کے عالمی دن پر کرپشن کے خاتمے کا اعادہ

شفاف اور جوابدہ معاشرے کے قیام کے لیے ہر شہری اپنا کردار ادا کریں، شہباز شریف

GNN Web Desk
شائع شدہ 17 دن قبل پر دسمبر 9 2024، 9:30 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
وزیراعظم  کا انسداد کرپشن کے عالمی دن پر کرپشن کے خاتمے کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کو دہرایا اور تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ شفاف اور جوابدہ معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد کرپشن کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی ایسا گھناؤنا عنصر ہے جو کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے، آنے والی نسلوں کے لیے شفاف، مربوط اور جوابدہ معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، ہر سطح پر بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 دسمبر کو انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جو ہم سب کو اپنے معاشروں کو درپیش بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کی عالمی کوششوں کی یاد دہانی ہے، اس سال کے عالمی دن کا موضوع ”بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونا، کل کی سالمیت کی تشکیل“ بجا طور پر اس اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے جو ہمارے نوجوان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل ایک ایسے مستقبل کی مستحق ہے جو کرپشن سے پاک ہو.ہم اپنے اداروں کی محنت کی ستائش کرتے ہیں اور معاشرے سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اس اہم کام میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔