جرم

کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں گداگری کے لیے جانے والے 4 مسافر گرفتار

امیگریشن کلیرینس کے دوران ملزمان کو مشکوک پایا گیا، ایف آئی اے

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 دن قبل پر دسمبر 19 2024، 2:11 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں گداگری  کے لیے  جانے والے 4 مسافر گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے 4 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

کراچی ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کی، اس دوران عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 4 مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں ثنااللہ ، فیض محمد ، گل حسن اور لعل محمد شامل ہیں، ملزمان عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔ملزمان کا تعلق جعفر آباد، نصیر آباد، قمبر شہداد کوٹ اور رحیم یار خان کے مختلف علاقوں سے ہے، امیگریشن کلیرینس کے دوران ملزمان کو مشکوک پایا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان سعودی عرب گداگری کے غرض سے جا رہے تھے، گرفتار ملزمان عمرہ ادا کرنے کی بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر نا واقف تھے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان رہائش اور ہوٹل بکنگ کے حوالے سے کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے جب کہ ملزمان کے پاس سفری اخراجات کے لیے کسی قسم کی رقوم نہ تھی۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایف آئی اے نے ملتان ایئرپورٹ سے بھیک مشن پر سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والے 7 خواتین سمیت 9 مسافروں کو طیار سے آف لوڈ کردیا تھا۔