دنیا

ترکیہ میں گولہ بارود بنانے والی ایک فیکٹری میں خوفناک دھماکے، 12 افراد ہلاک ، 4 زخمی

فوری طور پر اس کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، وزیر داخلہ

GNN Web Desk
شائع شدہ ایک دن قبل پر دسمبر 24 2024، 2:01 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
ترکیہ میں گولہ بارود بنانے والی ایک فیکٹری میں  خوفناک دھماکے، 12 افراد ہلاک ، 4 زخمی

ترکیہ میں گولہ بارود بنانے والی ایک فیکٹری میں ہونے والے خوفناک دھماکے سے پورا علاقہ لرز اُٹھا اور خوفناک آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہلاکت خیز حادثہ ترکیہ کے صوبے بالی سیر کے ضلع کریسی کے نواحی علاقے میں پیش آیا۔ تاحال گولہ بارود بنانے والی فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے میڈیا کو بتایا کہ گولہ بارود کی فیکٹری میں ہونے والے زور دار دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ قریبی اسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی جا رہی ہے جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ فوری طور پر اس کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم انہوں نے واقعے میں دہشت گردی کے عنصر کی تردید کی۔

یاد رہے کہ صدر رجب طیب اردگان کی خصوصی توجہ کے باعث ترکیہ اب دنیا بھر میں ڈرون سمیت دیگر ملٹری ہتھیار کا ایک بڑا برآمد کنندہ ہے۔