دنیا

ٹرمپ کی صدر جو بائیڈن پر موت کی سزا ئیں تبدیل کرنے پر شدید تنقید

جیسے ہی میں عہد سنبھالوں گا،قاتلوں اور درندوں سے امریکی خاندانوں اور بچوں کو بچانے کے لیے سزائے موت پر سختی سے عمل ہو گا، ڈونلڈ ٹرمپ

GNN Web Desk
شائع شدہ 12 گھنٹے قبل پر دسمبر 25 2024، 10:55 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
ٹرمپ  کی   صدر جو بائیڈن پر موت کی سزا ئیں  تبدیل کرنے پر شدید تنقید

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سزائے موت کے تقریباً ہر امریکی وفاقی قیدی کی سزا کو تبدیل کرنے پر امریکی صدر جو بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ نو منتخب صدر وائٹ ہاؤس میں ڈیموکریٹ رہنما کی جگہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر جو بائیڈن نے اپنے عہدے کے آخری ماہ کے دوران گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ پیرول پر رہائی کے امکان کے بغیر وفاقی سطح پر پھانسی کے منتظر 40 قیدیوں میں سے 37 کی سزائے موت کو عمر میں تبدیل کر رہے ہیں۔

ان میں 9 وہ افراد بھی شامل تھے جنہیں ساتھی قیدیوں کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا، 4 مجرموں نے بینک ڈکیتیوں کے دوران کیے گئے قتل کیے جب کہ ایک مجرم نے جیل کے محافظ کو قتل کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ جو بائیڈن نے حال ہی میں ہمارے ملک کے 37 خطرناک قاتلوں کی سزائے موت ختم کردی۔جیسے ہی میں عہد سنبھالوں گا، فوری طور پر محکمہ انصاف کو ہدایت دوں گا کہ وہ پرتشدد عصمت دری کرنے والوں، قاتلوں اور درندوں سے امریکی خاندانوں اور بچوں کو بچانے کے لیے سزائے موت پر سختی سے عمل کرے، ہم ایک بار پھر امن و امان والی قوم بنیں گے!

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ یہ سب حرکتیں سنتے ہیں تو آپ کو یقین نہیں آتا کہ انہوں نے ایسا کر دیا ہے، سمجھ سے بالا تر ہے، رشتے دار اور دوست صدمے کی کیفیت میں ہیں، انہیں یقین نہیں آتا کہ یہ ہو رہا ہے۔

جو بائیڈن نے پیر کو کہ کوئی غلطی نہ کریں، میں ان قاتلوں کی مذمت کرتا ہوں ، ان کی نفرت انگیز کارروائیوں کے متاثرین کے لئے غمزدہ ہوں اور ان تمام خاندانوں کے لے دکھی ہوں جنہوں نے ناقابل تصور اور ناقابل تلافی نقصان اٹھایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لیکن اپنے ضمیر اور تجربے کی روشنی میں میں پہلے سے کہیں زیادہ اس بات کا قائل ہوں کہ ہمیں وفاقی سطح پر سزائے موت کے استعمال کو روکنا چاہیے، اصول طور پر میں پیچھے نہیں ہٹ سکتا اور نئی انتظامیہ کو پھانسی کی اس سزا کو جسے میں نے روک دیا تھا، دوبارہ شروع کرنے کا موقع نہیں دے سکتا۔