Advertisement
پاکستان

لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر صدرمملکت ، وزراءکا اظہار تعزیت

اسلام آباد : برصغیر کے لیجنڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال پر پاکستان سے بھی ان کے اہل خانہ سے افسوس اور تعزیت کااظہار کیا جارہاہے۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 سال قبل پر جولائی 8 2021، 2:45 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت پاکستان  ڈاکٹرعارف علوی نے ٹوئٹر پر  پیغام میں لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر  اظہار افسوس کیا ہے۔عارف علوی نے کہا کہ دلیپ  کمار (یوسف خان) کو اپنے دنیاوی گھر سے رخصت ہوتا دیکھ کر افسوس ہوا۔ وہ ایک عمدہ اداکار، شائستہ انسان اور ایک باوقار شخصیت کے حامل تھے۔ انہوں نے دلیپ کمار کے  اہل خانہ اور مداحوں کی بڑی تعداد سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ  اللہ انکی روح کو سکون بخشے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی اداکار دلیپ کمار کی وفات پراظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے، انکا متبادل ممکن نہیں۔ میں نے اپنی ملاقاتوں میں یوسف خان کو ایک سحر انگیزشخصیت پایا اللہ تعالی یوسف خان کے درجات بلند کرے۔ ان کی لواحقین کو صبر عطا کرے۔

وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری نے افسوس کا اظہار کرتے   ہوئے کہا کہ دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے ایک سنہری عہد کا تمام ہونا ہے، بھارتی فلم نگری میں یوسف خان بن کر جانے والے کو دلیپ کمار کی غیر معمولی شہرت نے بام عروج پر پہنچا دیا۔ان کاکہنا تھا کہ جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے دلیپ کمارکا نام دلوں کی دھڑکن ہے۔ وہ اپنے فن کی صورت اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال پر گورنر سندھ  عمران اسماعیل نے تعزیتی پیغام میں کہاکہ یوسف خان 1944 سے اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے تھے۔لازوال اداکاری پر ان کو شہنشاہ جذبات کے خطاب سے یاد کیا جاتا تھا۔فلم انڈسٹری کے لئیے خدمات کے پیش نظر 1998 کو انہیں پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔

پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید ، مسلم لیگ ن رہنما و قائد حزب اختلاف شہباز شریف ، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی افسوس کااظہار کیاہے ۔

مزید پڑھیں :عظیم اداکار دلیپ کمار کی زندگی پر ایک نظر

 

واضح رہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری  پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 برس  کی عُمر میں انتقال کر گئے۔دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

Advertisement
Advertisement