ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر 4 مرحلے میں بھارت نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
یہ میچ دبئی میں کھیلا گیا جہاں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، جس میں ابھیشیک شرما کی 75 رنز کی جارحانہ اننگز نمایاں رہی۔ ہاردک پانڈیا نے بھی 38 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ شبمن گل نے 29 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بنگلادیش کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
سیف حسن نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے جبکہ پرویز حسین 21 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے، باقی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو نے 3 جبکہ بمراہ اور چکرورتی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس جیت کے ساتھ بھارت فائنل میں پہنچ گیا ہے جبکہ سری لنکا، جو پہلے ہی دو میچ ہار چکا ہے، ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے۔
بھارت کی اس جیت نے ٹورنامنٹ کی صورتحال کو واضح کر دیا ہے اور اب وہ فائنل میں کسی ایک ٹیم، ممکنہ طور پر پاکستان یا افغانستان، کے خلاف مدِمقابل آئے گا۔