وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت میں شعبہ جاتی اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی۔
انہوں نے بیجنگ میں پاک چین مشترکہ رابطہ کمیٹی کے 14ویں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، صنعتی تعاون کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی پر مبنی شراکت داری قائم کرنے پر مرکوز ہے۔
احسن اقبال نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ دس برسوں میں اس منصوبے کے ذریعے پاکستانی عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان، چین کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر برآمدی شعبے کو مضبوط بنائے گا جبکہ آئی ٹی، روبوٹکس، فن ٹیک اور بائیو ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبوں میں مستقبل کے ہنر پر مبنی پروگرامز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، جس سے نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے میں مدد ملے گی۔