Advertisement
تفریح

معروف ڈرامہ و ناول نگار حسینہ معین  کی پہلی برسی

کراچی : معروف ڈرامہ نگار، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک برس بیت گیا ۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 سال قبل پر مارچ 26 2022، 2:04 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
معروف ڈرامہ و ناول نگار حسینہ معین  کی پہلی برسی

پاکستان کی معروف ڈرامہ نگار، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین 20 نومبر1941ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئیں ، انہوں نے ابتدائی تعلیم کانپور سے حاصل کی ۔  پی ٹی وی کی مقبول ترین ڈرامہ نویس کا اعزاز حاصل کرنے والی حسینہ معین نے جامعۂ کراچی سے 1963 میں تاریخ میں ماسٹرزکیا۔

حسینہ معین نے پی ٹی وی کے لیے بہت سے یادگار ڈرامے لکھے جن میں  شہزوری، زیر زبر پیش، انکل عرفی، ان کہی، تنہائیاں، دھوپ کنارے، دھند، آہٹ، کہر، پڑوسی، آنسو، بندش، آئینہ شامل ہیں۔

حسینہ معین کی لکھی ہوئی پاکستانی فلموں میں پہلی فلم ’یہاں سے وہاں تک‘ تھی، جس میں وحید مراد نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ اس کے بعد عثمان پیرزادہ کے لیے لکھی گئی فلم’نزدیکیاں‘ اور جاوید شیخ کے لیے لکھی گئی فلم ’کہیں پیار نہ ہوجائے‘تھی ۔  ان تمام فلموں کی کہانیاں اپنی اپنی جگہ دلچسپ اور تخلیق سے بھرپور تھیں۔

حسینہ معین نے معروف بھارتی اداکار اور پروڈیوسر ’راج کپور‘ کی خواہش پر ان کی فلم ’حنا‘ کے لیے مکالمے تحریرکیے جس میں زیبا بختیار نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ حسینہ معین نے بہت سے ممالک کا دورہ کیا اور متعدد ایوارڈز جیتے، 1987 میں انہیں پرفارمنگ آرٹس کی خدمت پر تمغہ  حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا ۔

حسینہ معین طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں ، 26 مارچ 2021 کو 79 برس کی عمر میں دنیا ئے فانی سے کوچ کر گئیں ۔

Advertisement