Advertisement

لیبیا میں سمندری طوفان سے درنہ شہر کا ایک چوتھائی حصہ ملیامیٹ، 5300 سے زائد ہلاکتیں

طاقتور طوفان ڈینیئل کے بعد تقریباً چھ ہزار افراد ہلاک اور دس ہزار سے زائد لاپتا ہو گئے ہیں

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 سال قبل پر ستمبر 13 2023، 7:53 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
لیبیا میں سمندری طوفان سے درنہ شہر کا ایک چوتھائی حصہ ملیامیٹ، 5300 سے زائد ہلاکتیں

لیبیا میں سمندری طوفان سے درنہ شہر کا ایک چوتھائی حصہ ملیامیٹ، 5300 سے زائد ہلاکتیں

لیبیا بدترین تباہی کا سامنا کر رہا ہے۔ بحیرہ روم سے آنے والے طاقتور طوفان ڈینیئل کے بعد تقریباً چھ ہزار افراد ہلاک اور دس ہزار سے زائد لاپتا ہو گئے ہیں، طوفان کی وجہ سے ڈیم اور پل بھی ٹوٹ گئے ہیں، طوفان کے راستے میں آنے والی عمارتیں اور گھر ملیا میٹ ہو گئے ہیں، اور ملک کے مشرق میں واقع ساحلی شہر درنہ کا تقریبا ایک چوتھائی حصہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ درنہ شہر میں دس ہزار لوگ لاپتہ ہو گئے ہیں۔ لیبیا کی فوج کےمطابق  سمندری طوفان کی وجہ سے درنہ شہر کا 25 فیصد سے 45 فیصد حصہ سمندر میں ڈوب گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درنہ میں مرنے والوں کی تعداد 5300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

لیبیا کی ایمرجنسی کمیٹی کے مطابق فی الحال ہلاکتوں کی کل تعداد کو شمار کرنا ممکن نہیں ہے، خاص طور پر درنہ میں ہونے والی اموات، لیکن یہ تعداد بہت زیادہ ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ کئی عمارتیں گر گئیں۔ ایمرجنسی کمیٹی نے درنہ کی صورتحال کو انتہائی تباہ کن قرار دیا، ہر جگہ، سمندر میں، وادیوں میں، عمارتوں کے نیچے لاشیں پڑی ہیں۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے ڈیزاسٹر اینڈ کرائسز یونٹ کے سربراہ حسام فیصل نے کہا کہ لیبیا میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 5000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

 

قومی اتحاد کی حکومت کے سربراہ عبدالحمید الدبیبہ نے لیبیا میں سیاسی اختلافات اور تقسیم پر قابو پانے اور مصیبت زدہ علاقوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ساحلی شہر درنہ جس کی آبادی تقریباً 125,000 نفوس پر مشتمل ہے، سیلاب کے باعث ملبے میں تبدیل ہو چکا ہے۔

درنہ شہر کے الوحدہ ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد القبسی نے بتایا کہ شہر کے دو اہم محلوں میں سے ایک میں 1700 افراد ہلاک ہوئے اور دوسرے میں 500 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

 

Advertisement