Advertisement
علاقائی

ناران :  2 سیاح فوٹو بنواتے ہوئے گلیشیئر گرنے سے جاں بحق

مقامی افراد نے لاشوں کو نکال کر ناران بی ایچ یو پہنچا دیا، جہاں سے لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے راجن پور روانہ کر دیا گیا

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Jul 23rd 2024, 4:19 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ناران :  2 سیاح فوٹو بنواتے ہوئے گلیشیئر گرنے سے جاں بحق

مانسہرہ: مانسہرہ کے تفریحی مقام ناران میں آج ایک گلیشیئر کا ٹکڑا گرنے سے دو سیاح جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق راجن پور سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی ناران میں جھیل روڈ پر گھوم رہی تھی۔ 22 سالہ مہران اور اس کی 13 سالہ بھتیجی گلیشیئر کے نیچے تصاویر بنوا رہے تھے کہ اچانک گلیشیئر کا ایک وزنی ٹکڑا ٹوٹ کر ان کے اوپر آ گیا۔

مہران اور اس کی بھتیجی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود ایک اور رکن خاندان زخمی ہو گیا۔ زخمی شخص کو ناران کے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی افراد نے لاشوں کو نکال کر ناران بی ایچ یو پہنچا دیا، جہاں سے لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے راجن پور روانہ کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر سیاحوں کو گلیشیئر سے دور رہنے کی ہدایات کا بورڈ بھی لگا دیا گیا تھا، لیکن سیاحوں نے ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ناران میں اس طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں برف کا ایک ٹکڑا گرنے سے کراچی کی دو خواتین جاں بحق ہو گئی تھیں۔

Advertisement