Advertisement

ویتنام: شدید بارشوں کے باعث کوئلے کی کان دب گئی، 5 کان کن ہلاک

ریسکیو ٹیم نے ملبے تلے سے 23 سے 47 سال کی عمر کے مابین کے کان کنوں کی لاشیں نکالیں

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Jul 30th 2024, 4:11 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ویتنام: شدید بارشوں کے باعث کوئلے کی کان دب گئی، 5 کان کن ہلاک

ویتنام کے شمالی صوبہ کوانگ نین میں واقع ہا لونگ بے کے قریب ایک کوئلے کی کان میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 کان کن ہلاک ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ پیر کو پیش آیا اور ریسکیو ٹیم نے منگل کی صبح ملبے تلے سے 23 سے 47 سال کی عمر کے مابین کے کان کنوں کی لاشیں نکالیں۔ ڈیزاسٹر حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور کئی گھر بھی زیر آب آگئے۔

ملک کے شمالی حصوں میں کئی دنوں سے جاری شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہنوئی کے مضافات میں کئی برادریاں ایک ہفتے سے سیلابی پانی میں پھنسی ہوئی ہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر شدید موسمی واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ویتنام جیسے ممالک جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہوتے ہیں، انہیں ایسے واقعات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ویتنام میں کان کنی کے حادثات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ملک اپنی ماحولیاتی تحفظ بڑھانے کے باوجود اب بھی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے جس کی وجہ سے کان کنی کے عمل میں مزدوروں کی جانوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

مقامی رپورٹس کے مطابق صرف کوانگ نین صوبے میں اس سال اپریل سے لے کر اب تک کان سے متعلق حادثات میں 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پچھلے سال ویتنام کے سرکاری کوئلے اور کان کنی کے گروپ میں حادثات میں کم از کم 10 مزدوروں کی جانیں گئی تھیں۔

Advertisement
Advertisement