دنیا

ایران نے تحقیقی سیٹلائٹ ’’چمران 1‘‘ کامیابی سے لانچ کر دیا

ایرانی ساختہ راکٹ کے ذریعے 60 کلو گرام وزنی یہ سیٹلائٹ خلا میں روانہ کیا گیا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر ستمبر 15 2024، 9:18 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
ایران نے تحقیقی سیٹلائٹ ’’چمران 1‘‘ کامیابی سے لانچ کر دیا

تہران :ایران نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملکی سطح پر تیار کردہ ریسرچ سیٹلائٹ چمران 1 کو کامیابی سے مدار میں بھیج دیا ہے۔ ایرانی ساختہ راکٹ کے ذریعے 60 کلو گرام وزنی یہ سیٹلائٹ خلا میں روانہ کیا گیا ہے۔

سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا بنیادی مقصد بلندی پر ہارڈویئر اور سافٹ ویئر سسٹم کی ٹیسٹنگ کرنا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق سیٹلائٹ سے زمین پر سگنلز موصول ہونا شروع ہو چکے ہیں اور فی الحال یہ زمین سے 550 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔

یہ ایران کا رواں سال میں خلا میں بھیجا جانے والا تیسرا سیٹلائٹ ہے۔ تاہم، امریکہ سمیت دیگر مغربی ممالک ایران کی ان سیٹلائٹ لانچنگ کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ایران کا سیٹلائٹ پروگرام دراصل بالیسٹک میزائل ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے کا ایک پوشیدہ طریقہ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے چمران 1 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیر منطقی پابندیوں کا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک منطقی، طاقتور اور تعمیری ملک ہے اور پابندیاں لگانے والے ممالک کو اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے۔