علاقائی

خیبر پختونخوا پولیس افسران اور اہلکاروں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی

پولیس اہلکاروں کو اپنی یونیفارم میں تصاویر یا ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے سختی سے منع کیا گیا 

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر ستمبر 15 2024، 10:35 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
خیبر پختونخوا پولیس افسران اور اہلکاروں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی

پشاور : خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 

سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں تمام رینک کے افسران اور اہلکاروں کو ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یوٹیوب سمیت تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال سے روک دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر مواد شیئر کرنے سے محکمہ پولیس کی ساکھ مجروح ہوتی ہے اور یہ دیگر اہلکاروں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو اپنی یونیفارم میں تصاویر یا ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، پولیس اہلکاروں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسلحہ، پولیس بیج یا دیگر شناختی نشانوں کو بھی ظاہر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس نے تمام ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ اپنے علاقوں میں اس پابندی کو سختی سے نافذ کریں اور خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔