پاکستان
سویلینز کا ملٹری ٹرائل:فوج میں نہ ہونے والا شخص آرمڈ فورسز کے ڈسپلن کے نیچے کیسے آ سکتا ہے ؟ سپریم کورٹ
مخصوص حالات میں سویلین پر بھی آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے،وکیل خواجہ حارث
سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ سویلینز کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے حوالے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آرمڈ فورسز میں نہ ہونے والا شخص آرمڈ فورسز کے ڈسپلن کے نیچے کیسے آ سکتا ہے؟۔
سپریم کورٹ آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں ملٹری کورٹس کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے کہ ملٹری کورٹس کیس میں عدالتی فیصلہ دو حصوں پر مشتمل ہے، ایک حصے میں آرمی ایکٹ دفعات کو کالعدم قرار دیا گیا ہے جبکہ دوسرے حصے میں ملزمان کی ملٹری کورٹ میں کسٹڈی ہے۔
جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ملٹری کورٹس کا پورا کیس آرٹیکل 8 کے گرد گھومتا ہے، آرمڈ فورسز میں نہ ہونے والا فرد آرمڈ فورسز کے ڈسپلن کے نیچے کیسے آسکتا ہے؟ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ اگر قانون اجازت دیتا ہے تو ڈسپلن کا اطلاق ہوگا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ایک شخص فوج میں ہے اس پر ملٹری ڈسپلن کا اطلاق ہوگا، جبکہ اگر کوئی شخص محکمہ زراعت میں ہو تو اس پر محکمہ زراعت کے ڈسپلن کا اطلاق ہوگا نہ کے ملٹری ڈسپلن کا، ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی شخص کسی محکمہ میں نہیں تو آرمڈ فورسز کے ڈسپلن کا اطلاق کیسے ہوگا؟ کیا غیر متعلقہ شخص کو ڈسپلن کے نیچے لانا آرٹیکل 8 کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟
جس پر وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کچھ مخصوص حالات میں سویلین پر بھی آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے، عدالت کے پاس آرمی ایکٹ دفعات کو کالعدم کرنے کا اختیار نہیں۔
اس پر جسٹس جمال نے کہا کہ اس طرح تو اگر کوئی اکسانے کا سوچے تو آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوگا، کیا آرمی ایکٹ نے آئین کے آرٹیکل8کا سیکشن 1 غیرمؤثرنہیں کردیا؟ خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ملٹری ٹرائل میں بھی فیئر ٹرائل کا آرٹیکل 10 اے موجود ہوتا ہے۔
خواجہ حارث کے دلائل پر جسٹس مندوخیل نے مزید کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑا عہدہ صدر مملکت کا ہے، اگر صدرہاؤس پرحملہ ہو تو ملزم کا ٹرائل انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوگا مگر آرمی املاک پر حملہ ہو تو ٹرائل ملٹری کورٹس میں؟ اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ یہ فیصلہ قانون سازوں نے قانون سازی سے کیا ہے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ فوجی عدالتوں کے زیر حراست افراد کی ایف آئی آر کی نقول نہیں دی گئیں، کیا ملٹری کورٹ ٹرائل میں وکیل کی اجازت ہوتی ہے؟ کیا فوجی عدالت میں ملزم کو تمام مواد فراہم کیا جاتا ہے؟ خواجہ حارث نے جواب دیا جی فوجی عدالت میں ملزم کو وکیل اور تمام متعلقہ مواد فراہم کیا جاتا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا اگر ایک فوجی اپنے افسر کا قتل کردے تو کیس کہاں چلے گا؟ خواجہ حارث نے جواب دیا قتل کا کیس عام عدالت میں چلے گا۔
بعد ازاں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی جانب سے کیس کی مزید کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔
پاکستان
آئینی ترمیم پر دستخط ہو گئے مگر مدارس بل پر کیوں نہیں؟مولانا فضل الرحمان
مدارس بل پہلےسینیٹ سے پاس ہوا، صدر زرداری نے پھر دستخط کیوں نہیں کئے، پریس کانفرنس
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے آئینی ترمیم پر دستخط ہو سکتے ہیں تو مدارس بل پر کیوں نہیں؟
مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مدارس کی رجسٹریشن کو غیرضروری طور پر گھمبیر بنایا جا رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ مدارس رجسٹریشن سے متعلق قانون پہلے قومی اسمبلی سے پاس ہوا پھر سینیٹ سے، مدارس رجسٹریشن کا مسودہ حکومت نے تیار کیا،مدارس بل کی تیاری میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی شامل تھی،مدارس بل کا معاملہ غیرضروری طور پر الجھا دیا گیا،ہماری شکایت صرف ایوان صدر اور صدر مملکت سے ہے۔
پریس کانفرنس میں سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ علمائے کرام کو بلانے والے ہی تنازع کے ذمہ دار ہیں،دیگر مدارس کی وزارت تعلیم سے رجسٹریشن کا ملبہ ہم پر نہ گرایا جائے،انہوں نے سوال کہ کیا 10 دن صدر کے دستخط نہ کرنے سے وہ خود بخود ایکٹ نہیں بن جاتا؟۔ کیا صدر کے پاس کسی بل پر دوسری بار اعتراض پارلیمان کو بھیجنے کا اختیار ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اگر مدارس بل پر عدالت سے رجوع کرنا پڑا تو کریں گے،جو ایکٹ بن چکا ہے، اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے،ان کا مزید کہنا تھ کہ اگر مدارس بل پر دستخط نہ ہوئے تو ہم عوام میں جائیں گے۔
پاکستان
300 سے زائد پاکستانی شام سے بحفاظت پاکستان پہنچ گئے،ترجمان دفتر خارجہ
شام کی خودمختاری اور سالمیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ شام میں تمام پاکستانیوں کو معاونت فراہم کرنے میں مصروف ہے اوراب تک 300 سے زائد پاکستانی شام سے محفوظ طریقے سے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان شام کی خودمختاری اور سالمیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،
پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو شام میں اسرائیلی جارحیت پر تشویش ہے، اسرائیل کی جانب سے حملوں میں شام کے آبادیوں کو تباہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شام میں اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 225 کے مطابق کثیرالقومیتی اور سب کی شمولیت سے نظام بننا چاہیے اور کسی بیرونی قوت کو شامی لوگوں کا مستقبل طے کرنے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔
غزہ کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے پاس قرار داد کی حمایت کرتا ہے اور غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان قاہرہ میں ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کرے گا، اس سے قبل پاکستان ڈی ایٹ وزارتی اجلاس میں شرکت کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ افغان خلیل الرحمٰن حقانی کی وفات پر وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے دکھ کا اظہار کیا ہے، ہم دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
کھیل
ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا پی سی بی سے راہیں جدا کرنے کا امکان
ہیڈ کوچ اپنے نائب ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ناراض ہیں، ذرائع
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا پی سی بی سے راہیں جدا کرنے کا امکان ہے۔
جیسن گلیسپی پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو جوائن نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی کل جنوبی افریقہ روانہ ہو رہے ہیں، اس دوران ہیڈ کوچجیسن گلیسپی نے بھی ٹیم کو جوائن کرنا تھا، مگر وہ جوائن نہیں کر رہے۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اپنے نائب ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ناراض ہیں۔
-
پاکستان ایک دن پہلے
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے ایک اور قرض کی منظوری
-
تجارت 2 دن پہلے
سونے کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایک دفعہ پھر اضافہ
-
دنیا 2 دن پہلے
ترکیہ: 2 فوجی ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، 6 فوجی ہلاک
-
دنیا ایک دن پہلے
افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر برائے مہاجرین کابل میں بم دھماکے میں جاں بحق
-
دنیا ایک دن پہلے
روس، افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کے قریب
-
دنیا 7 گھنٹے پہلے
مارشل لاء میں ملوث جنوبی کوریا کے سابق وزیر دفاع کی خودکشی کی کوشش
-
تجارت ایک دن پہلے
سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ
-
علاقائی ایک دن پہلے
یونیورسٹی آف بلوچستان نے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا