Advertisement
پاکستان

9 مئی مقدمات: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کی ضمانت منظور کر لی

عدالت نے قرار دیا کہ اگر ملزم کو ضمانت نہ دی گئی تو یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی

GNN Web Desk
شائع شدہ 25 days ago پر May 2nd 2025, 3:57 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
9 مئی مقدمات: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کی ضمانت منظور کر لی

اسلام آباد: پاکستان سپریم کورٹ نے9 مئی 2023 کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چودھری کی ضمانت منظور کر لی۔
پاکستان سپریم کورٹ میں 9 مئی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت میںدوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ اعجاز چوہدری نے لوگوں کو اکسایا اور سازش کا بھی حصہ رہے۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ اعجاز چوہدری کے خلاف کیس اتنا ہی مضبوط تھا تو فوجی عدالت میں لے جاتے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ اعجاز چوہدری 11 مئی 2023ء سے گرفتار ہیں۔
دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف  اختیار کیا کہ اعجاز چوہدری کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف درج مقدمات میں شواہد ناکافی ہیں، اعجاز چوہدری نے کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ یا تشدد میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش کیا جا سکا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ ابتدائی شواہد کی روشنی میں ملزم کو مزید حراست میں رکھنا مناسب نہیں۔
 عدالت نے قرار دیا کہ اگر ملزم کو ضمانت نہ دی گئی تو یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی جس پر عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض اعجاز چوہدری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا حکم جاری کر دیا۔

 

 

 

 

 

Advertisement
Advertisement